وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر گرفتار، لانگ مارچ کی قیادت اب میں کروں گا: شاہد خٹک

صوبائی صدر جنید اکبر خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا: جنید اکبر کی سوشل میڈیا پر تصدیق


پشاور (ڈیلی قدرت کوئٹہ)* خیبر پختونخوا میں سیاسی کشیدگی انتہائی شدت اختیار کر گئی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر و رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے تصدیق کی کہ صوبائی صدر جنید اکبر خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک نے سوشل میڈیا پر ہنگامی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر کے پولیس وین میں ڈال کر لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو فوری طور پر باہر نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانیو! اب آپ کی باری ہے، میں پشاور میں موجود ہوں، پشاور کے عوام اپنے محبوب لیڈر عمران خان اور اس کے سپاہی کے لیے سب گھروں سے نکلیں‘‘۔

شاہد خٹک نے کہا کہ ضلع خیبر کے عوام پشاور کا رخ کریں اور عوام کی تعداد جہاں بھی بڑھے گی، وہ خود وہاں موجود ہوں گے۔ انہوں نے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کو متحرک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئی ایس ایف کے تمام عہدیداران پشاور یونیورسٹی سے نکلیں اور ضلع خیبر کے عوام کو جوائن کریں۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے اعلان کیا کہ لانگ مارچ اور احتجاج ہوگا جس کی قیادت اب وہ خود کریں گے۔ انہوں نے کارکنان اور شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نکلو، اب نہیں تو کب اور ہم نہیں تو کون‘‘۔ شاہد خٹک نے پختون قبائل سے اپیل کی کہ اب آپ کی باری ہے، کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، تمام لوگ باہمی اتفاق و اتحاد کے ساتھ میدان میں نکلیں، جب عوام متحد ہوں گے تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔

WhatsApp
Get Alert