پنجاب حکومت کا ای بائیک اسکیم کا عمل تیز کرنے کا حکم، 6 لاکھ سے زائد طلبہ کی درخواستیں موصول


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ ای بائیک اسکیم کے تحت درخواستوں کی جانچ پڑتال اور دیگر مراحل تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اسکیم کے لیے 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ای بائیک اسکیم کے آن لائن پورٹل پر 13 لاکھ سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ ان میں سے 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد طلبہ نے مقررہ آخری تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں مکمل کرکے جمع کرائیں۔
پنجاب حکومت نے اس اقدام کے تحت اہل طلبہ کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے لیے قرض پر عائد سود اور انشورنس کے اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ طلبہ کو ماہانہ اقساط پر بائیکس حاصل کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال اور کامیاب امیدواروں کے انتخاب کا عمل اکتوبر میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔ اہل امیدواروں کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جس کے بعد کامیاب طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔
اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ نوجوانوں کو ای بائیکس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے ہوگی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسکیم میں کامیاب ہونے والی طالبات کو مفت ڈرائیونگ تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں، خصوصاً طالبات کو آگے بڑھنے کے لیے ضروری سہولیات اور وسائل فراہم کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق الیکٹرک بائیکس سے طلبہ کو تعلیمی اداروں تک آمدورفت میں آسانی ہوگی اور ماہانہ سفری اخراجات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا، ’’پنجاب کا ہر بیٹا اور ہر بیٹی میرے لیے بہت خاص ہے۔‘‘
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم کے تمام مراحل شفاف انداز میں اور تیزی سے مکمل کیے جائیں تاکہ مستحق طلبہ کو جلد از جلد اس سہولت سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert