دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑا نہ ہونا ناقابلِ برداشت، کے پی میں 10 اضلاع نو گو ایریا بن چکے ہیں: ظہور بلیدی و سلیم کھوسہ

جو سیاسی قوت دہشت گردی کے خلاف ریاست کی پشت پناہی نہ کرے وہاں ایمرجنسی نافذ کر کے ریاست اپنا آئینی حق استعمال کرے گی: صوبائی وزیر ظہور بلیدی


وفاق نے حالات سدھارنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر کے پی قیادت کا رویہ غیر سنجیدہ تھا، بلوچستان حکومت ریاست کے ساتھ کھڑی ہے: سلیم کھوسہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان صوبائی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں خیبر پختونخوا کی تازہ ترین صورتحال پر بحث کے دوران صوبائی وزرا نے وفاق کے اقدام کا دفاع کیا ہے۔ صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر خیبر پختونخوا میں بدامنی اور ناگفتہ بہ حالات ہیں تو کیا وفاقی حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھ جائے؟ انہوں نے کہا کہ جو حکومت یا سیاسی قوت دہشت گردی کے مقابلے میں اپنی ریاست کے ساتھ کھڑی نہیں ہو سکتی، تو یہ عمل ریاست کے لیے کسی طور ناقابلِ برداشت ہے۔ ایسے حالات میں ایمرجنسی نافذ ہوگی اور ریاست اپنا آئینی حق استعمال کرے گی۔ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گو کہ آپ کو احتجاج کا کامل حق حاصل ہے اور آپ ایوان میں احتجاج کریں، لیکن حالات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا میں حالات کی بہتری کی بہت کوشش کی لیکن کے پی حکومت اور ان کی قیادت کا رویہ بالکل ٹھیک نہیں تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت 10 اضلاع نو گو ایریا بنے ہوئے ہیں جہاں ریاستی قلمرو کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ سلیم کھوسہ نے واضح کیا کہ بلوچستان کی حکومت مضبوطی کے ساتھ ریاست اور وفاق کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے فیصلے کو ایک بہترین اور مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ وفاقی حکومت کے پاس حالات پر قابو پانے کے لیے اور کوئی چارہ کار باقی نہیں رہا تھا۔

WhatsApp
Get Alert