پاکستان کا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 توسیعی رینج کا کامیاب تجربہ

میزائل جدید نیویگیشن نظام اور ایویونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو دورانِ پرواز راستہ بدل کر درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے،آئی ایس پی آر


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان آرمی نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح-2 کے توسیع شدہ فاصلے والے ورژن (ER) کا کامیاب تجرباتی لانچ کیا ہے۔ پاک فوج کے مطابق میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایویونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابقق فتح-2 اپنے منفرد پروازی راستے اور دورانِ پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میزائل کے توسیع شدہ فاصلے سے پاک فوج کی دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور متعلقہ سائنس دانوں و انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور تجربے میں شامل سائنس دانوں اور انجینئرز کی لگن، محنت اور فنی مہارت کو سراہا۔ صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔

WhatsApp
Get Alert