پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا۔۔ 10 سے زائد ارکان اسمبلی ن لیگ میں شامل ہونے کیلئے تیار
لاہور (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ٹکٹ کی یقین دہانی پر حکومت کے 10 سے زائد ارکان قومی اسمبلی مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں ۔ رانا ثنا اللہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسطی اور جنوبی پنجاب دونوں طرف سے ارکان اسمبلی مسلم لیگ ن میں آنا چاہتے ہیں لیکن اس میں مسلم لیگ ن کے کچھ مسائل ہیں۔ جنوبی پنجاب میں تو ہمارے پاس کچھ سپیس ہے اور وہاں ہم تحریک انصاف سے آنے والے ایم این ایز کو ایڈجسٹ کرسکتے ہیں لیکن وسطی پنجاب میں ہمارے پاس مضبوط امیدوار ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن پنجاب کا کہنا تھا کہ جو ن لیگ کے ارکان 2018ء میں منتخب نہ ہوسکے اس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ وہ کمزور امیدوار تھے بلکہ ان کو ہروایا گیا ہے اور وہ چار سال سے پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں لہٰذا ہم یہ نہیں کرسکتے کہ نئے آنے والوں کو ٹکٹ دے دیں اور قربانیاں دینے والوں کو بھول جائیں۔ ہم فارمولا بنا رہے ہیں اور اس پر غور و خوص جاری ہے جلد ہی اس حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا۔