بلوچستان حکومت تمام محکموں میں میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے، ظہور بلیدی
محکمہ کھیل میں بھرتیوں کے لیے جدید اور خودکار نظام نافذ، کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں

شواہد سامنے لائے جائیں تو فوری کارروائی ہوگی، نوجوانوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جا رہا ہے، اسمبلی میں وضاحت
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ کھیل میں بھرتیوں کے معاملے پر اراکین اسمبلی نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ بے ضابطگیوں، اقربا پروری اور دیگر اضلاع کے امیدواروں کو بھرتی کرنے کے الزامات عائد کیے، جبکہ صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری محکموں میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور ملازمتوں کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کی زیرصدارت مقررہ وقت سے 25 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی اسفندیار کاکڑ نے برشور میں محکمہ کھیل کی بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمے میں باہر کے لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے، جس پر سنجیدہ خدشات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیوں میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور اس معاملے کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جانا چاہیے۔اپوزیشن رکن اسمبلی اصغر ترین نے پشین میں محکمہ کھیل کی بھرتیوں کے حوالے سے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت کو نظرانداز کیا گیا ہے اور محکمے کی جانب سے مبینہ طور پر من مانیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری اور کمیٹی کے ارکان کے لیے الگ الگ کوٹے مختص کیے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ ملازمتیں کمیٹی کے ارکان کی منشا کے مطابق دی جاتی ہیں اور اس کا الزام ارکان اسمبلی پر عائد کیا جاتا ہے۔اصغر ترین نے مزید کہا کہ اسمبلی فلور پر کابینہ کے ایک وزیر کی جانب سے بھی بھرتیوں کے حوالے سے ملازمتیں فروخت کرنے کے الزامات لگائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلاس فور کے ملازمین اپنی بھرتیوں کے سلسلے میں دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں، جبکہ پشین میں کلاس فور کی آسامیوں پر دیگر اضلاع کے افراد کو بھرتی کیے جانے کے حوالے سے بھی تحفظات موجود ہیں۔صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے اراکین اسمبلی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کے حوالے سے لگائے گئے سنگین الزامات درست نہیں اور تمام بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پہلے ہی روز واضح کر دیا تھا کہ کسی کو بھی نوکریاں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ظہور بلیدی نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی کے پاس نوکری فروخت کرنے کے حوالے سے ٹھوس ثبوت موجود ہیں تو وہ سامنے لائے، حکومت اس معاملے پر ضرور کارروائی کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرکاری محکموں میں بھرتیوں کا عمل مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی زرک مندوخیل نے محکمہ کھیل میں بھرتیوں پر اٹھنے والے اعتراضات کا نوٹس لینے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کلاس فور کی آسامیوں پر بھرتیوں کے معاملے میں متعلقہ اراکین اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، جس سے ان کے تحفظات میں اضافہ ہو رہا ہے۔اجلاس میں محکمہ کھیل کی بھرتیوں کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان اختلافات سامنے آئے۔ اراکین اسمبلی نے بھرتیوں کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے، میرٹ کی پاسداری اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، جبکہ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ملازمتوں کی فروخت یا بھرتیوں میں کسی قسم کی بدعنوانی ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔
