پاسکو سے گندم خریدنے میں بھی حکومت ناکام، بلوچستان میں آٹے کا بدترین بحران سنگین رخ اختیار کر گیا 50 کلو بوری 8 ہزار روپے سے تجاوز

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گندم کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے، جبکہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت پاسکو سے اب تک ایک لاکھ بوری گندم بھی نہیں خرید سکی، جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے محکمہ خوراک بلوچستان اور پاسکو کے درمیان گندم کی خریداری کے حوالے سے صرف بات چیت جاری ہے۔دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 330 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ خضدار، چاغی، واشک، کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شہریوں پر معاشی دبا میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری خوراک بلوچستان کا کہنا ہے کہ پاسکو سے گندم کی خریداری کے لیے بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق آٹے کی قیمتوں کا تعین اور مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانا محکمہ صنعت و تجارت اور ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔
