ناکارہ اے آئی ایپ سے ٹرینیز ڈاکٹرز کے اسٹائپنڈ مشروط کرنے کا متنازع فیصلہ مسترد، حکومتی تجربات نے نظام درہم برہم کر دیا: وائی ڈی اے بلوچستان

سائبر سیکیورٹی خدشات اور تکنیکی نقائص برقرار، شب و روز ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز کا معاشی استحصال کسی صورت قبول نہیں: اعلامیہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے)بلوچستان نے غیر محفوظ، غیر مثر اور ناکارہ مصنوعی ذہانت (AI) حاضری ایپ کے ذریعے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز (PGs) کی حاضری اور ان کے ماہانہ اسٹائپنڈ کی ادائیگی کو مشروط کرنے کے نظام کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی عہدیداروں نے تمام پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کے ہمراہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (PGMI) کے زیرِ اہتمام اے آئی حاضری کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس میں شرکت کی، جس میں ڈین پی جی ایم آئی اور حاضری ایپ تیار کرنے والی پرائیویٹ کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم بھی موجود تھی۔اجلاس کے دوران وائی ڈی اے اور پی جیز کے وفد نے ڈین پی جی ایم آئی اور سافٹ ویئر کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم کے سامنے اے آئی حاضری ایپ سے متعلق تمام تر سنگین تحفظات اور خدشات تفصیل کے ساتھ پیش کیے۔
ڈاکٹرز رہنماں نے ایپ کی ناقص کارکردگی، لوکیشن کے غلط اور غیر مستند اندراج، سائبر سیکیورٹی میں خلل اور ممکنہ ہیکنگ کے خطرات، فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) سسٹم کے ناکارہ ہونے اور ڈیوٹی پر آمد و رفت کے وقت انتہائی کم چیک اِن ٹائم جیسے بنیادی تکنیکی نقائص شواہد کے ساتھ ٹیکنیکل ٹیم کے سامنے رکھے۔تاہم، پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کی جانب سے اٹھائے گئے ان انتہائی اہم اور سنجیدہ تکنیکی تحفظات پر پی جی ایم آئی کی متعین کردہ ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے کوئی واضح، تسلی بخش اور قابلِ عمل جواب یا وضاحت پیش نہیں کی جا سکی۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوکیشن کے غلط اندراج، فیشل ریکگنیشن کے کام نہ کرنے، ہیکنگ کے سیکیورٹی خدشات اور چیک اِن کے لیے ناکافی وقت جیسے بنیادی و تکنیکی مسائل پر تسلی بخش جواب نہ ملنا اس پورے نظام کی شفافیت، افادیت اور قابلِ اعتماد ہونے پر سنگین سوالیہ نشان ثبت کرتا ہے۔وائی ڈی اے بلوچستان نے اپنے حتمی موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ شب و روز ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے والے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کے حاضری ریکارڈ اور ان کے بنیادی و قانونی حق یعنی اسٹائپنڈ کو ایک غیر محفوظ اور ناکارہ ایپ کے ساتھ مشروط کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
تنظیم نے حکومت اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سب سے پہلے اے آئی ایپ کے تمام تکنیکی، سیکیورٹی اور انتظامی نقائص کو فوری طور پر دور کیا جائے، پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کے تمام تحفظات کا عملی اور تسلی بخش ازالہ یقینی بنایا جائے اور اس کے بعد ہی کسی بھی نئے حاضری نظام کے نفاذ پر غور کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert