دبئی: غلط جگہ سے سڑک پار کرنے پر 400 درہم جرمانہ ہوگا، پولیس نے خبردار کردیا

دبئی (قدرت روزنامہ)دبئی پولیس نے پیدل چلنے والوں کو غیر محفوظ طریقے سے سڑک پار کرنے کے حوالے سے خبردار کردیا۔
دبئی پولیس کے مطابق وفاقی ٹریفک قانون کے آرٹیکل 89 کے مطابق پیدل چلنے والے افراد پر مقررہ کراسنگ کے علاوہ کسی جگہ سے سڑک پار کرنے پر 400 درہم کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پولیس اسٹیشنز کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ماجد سلطان السویدی نے پیدل چلنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ سڑک پار کرنے کے لیے صرف مقررہ راستوں کا استعمال کریں، سڑک پار کرنے سے پہلے تسلی کر لیں کہ کوئی گاڑی قریب نہ آ رہی ہو اور چوراہوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے نصب ٹریفک سگنلز کی پابندی کریں۔
خیال رہے کہ دبئی پولیس نے پیدل چلنے والوں کی تحفظ، سڑکوں پر ذمہ دارانہ رویے کی حوصلہ افزائی اور ٹریفک حادثات میں کمی کے لیے ایک خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس مہم میں ڈرائیوروں کو بھی رفتار کم رکھنے اور پیدل افراد کو راستہ دینے کی تاکید کی گئی ہے۔
