بوٹوکس کے بعد چہرے کا ایک حصہ خراب ہو گیا تھا، بشریٰ انصاری کا انکشاف

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ماضی میں بوٹوکس کے ایک ناکام تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے باعث ان کے چہرے کی ساخت متاثر ہو گئی تھی۔
حال ہی میں اپنے وی لاگ میں اداکارہ نے بتایا کہ کئی سال قبل انہوں نے بوٹوکس کروایا تھا مگر ڈاکٹر نے انہیں علاج کے بعد ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ نہیں کیا۔
بشریٰ انصاری کے مطابق وہ بوٹوکس کروانے کے بعد اسی طرف کروٹ لے کر سو گئیں اور پانچ سے چھ روز بعد ان کے چہرے کا ایک حصہ لٹک گیا جبکہ ہونٹوں کی ساخت بھی بدل گئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں خدشہ ہوا کہ کہیں چہرے پر فالج تو نہیں ہو گیا لیکن ڈاکٹر نے ان کی شکایت کو محض وہم قرار دیا۔ اس صورتحال کے باعث وہ کئی ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ڈاکٹرز کو مریضوں کی شکایات سنجیدگی سے سننی چاہئیں اور علاج کے ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر واضح طور پر بتانی چاہئیں۔
