علاج کیلئے اب پیسہ رکاوٹ نہیں بنے گا،حکومت پنجاب نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور(زیبائے پاکستان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بہتر زندگی اور روزگار کے مواقع کی تلاش میں لوگ پنجاب کا رخ کرتے ہیں، صوبائی حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی مریض کا علاج مالی وسائل کی کمی کے باعث نہیں رکنا چاہیے۔
لاہور میں اسٹروک کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ فالج کے مریضوں کیلئے بروقت علاج انتہائی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مریض کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے تاکہ اس کی زندگی بچائی جاسکے اور بیماری کے سنگین اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فالج کے علاج میں استعمال ہونے والے انجیکشن کی قیمت تقریباً 3 لاکھ روپے ہے، جسے غریب خاندانوں کیلئے خریدنا آسان نہیں۔ اسی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے چند ماہ کے دوران صوبے میں 40 اسٹروک سینٹرز قائم کیے ہیں، جہاں مریضوں کو یہ مہنگا انجیکشن مفت فراہم کیا جاتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ کسی بھی شہری کو مالی مشکلات کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہنا پڑے اور عوام کو سرکاری سطح پر بہتر طبی سہولیات میسر آئیں۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا گیا ہے، جبکہ سرگودھا میں جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال بنایا گیا ہے۔ لاہور میں کینسر اسپتال بھی جلد فعال کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کے ہر ڈویژن میں کینسر سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ 20 اضلاع میں ہیلتھ لیبارٹریز بنانے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں اس وقت جس بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 10 کروڑ افراد نے سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولت حاصل کی، جبکہ 10 کروڑ افراد کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ اسی عرصے میں پنجاب میں 16 ہزار بچوں کی دل کی سرجری بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ عام شہری بھی مہنگے علاج سے متعلق سہولیات مفت حاصل کرسکیں۔
