علامہ اقبال کا فلسفہ خودی، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے: میر سرفراز بگٹی
نوجوانوں کو جدید علوم، معیاری تعلیم اور فنی مہارتوں سے آراستہ کر کے ملکی ترقی کے قابل بنا رہے ہیں: یومِ اقبال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پیغام

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی انقلابی فکر، فلسفہ خودی، خود اعتمادی اور عمل کا لازوال پیغام آج بھی پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکیم الامت نے اپنی بصیرت افروز شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودداری، باہمی اتحاد اور قومی تشخص کا وہ ولولہ انگیز شعور بیدار کیا جس نے ایک آزاد وطن کے تصور کو ٹھوس نظریاتی بنیاد فراہم کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی محض ایک روایتی فکری نظریہ نہیں بلکہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچاننے، خود انحصاری پیدا کرنے، مایوسیوں کو شکست دینے اور بلند مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کا عملی درس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی و بیرونی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے، قومی یکجہتی کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور پائیدار معاشی خوشحالی کی منزل پانے کے لیے فکرِ اقبال سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، صوبائی حکومت انہیں معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور یکساں مواقع کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنا رہی ہے تاکہ وہ ملک و صوبے کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نئی نسل میں علم، برداشت، خود اعتمادی اور اخوت کی اقدار کو فروغ دے کر ایک مضبوط اور خودمختار پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
