وزیراعظم لون اسکیم؛ قرض کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم اور وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور ان اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت کو بڑھانے کے حوالے سے تاریخی اور اہم فیصلے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اجلاس کے دوران نوجوانوں کے لیے معاشی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی ہے جو کہ آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر تجارتی اور زرعی منصوبے شروع کرنے میں مالی امداد فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، اس موقع پر وزیراعظم نے مالی معاونت کے مؤثر انتظامات پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا، اجلاس میں ملک کی آدھی آبادی یعنی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اہم پیشرفت کی گئی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے اس پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت اور مالی خودمختاری کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں، اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ نوجوان اپنی تعلیم کے ساتھ یا اس کے فوراً بعد کم عمری میں ہی اپنے کاروبار کا آغاز کرسکیں اور زرعی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرسکیں۔
نوجوانوں کی عملی رہنمائی کے لیے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نوجوانوں کو صرف مالی وسائل ہی نہیں بلکہ نیا کاروبار شروع کرنے، کاروباری مشاورت، مارکیٹ گائیڈنس اور تکنیکی معاونت سمیت ہر ممکن مدد فراہم کرے، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو یہ پابند بھی کیا کہ وہ ان اسکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات سے متعلق ملک گیر سطح پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس میں دی گئی تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023ء سے لے کر اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضہ جات فراہم کیے جا چکے ہیں، جو کہ اس سے پچھلے 10 سال کی نسبت 10 گنا زیادہ پیشرفت ہے، اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 313.9 بلین روپے کے قرضہ جات تقسیم کیے جا چکے ہیں، سال 2026/27ء کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو 292 بلین روپے کے مزید قرضے دینے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس اہم اور تفصیلی مشاورتی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی اور متعلقہ شعبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا، اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
