سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے دوسری شادی سے متعلق قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑدی

ممبئی (قدرت روزنامہ)بھارت کی سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ فی الحال ان کی زندگی میں کوئی مرد موجود نہیں اور وہ مستقبل کے حوالے سے بھی کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق ثانیہ مرزا نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی جہاں ان کے ہمراہ معروف فلمساز اور ان کی قریبی دوست فرح خان بھی موجود تھیں۔ پروگرام کے دوران گفتگو کا رخ ثانیہ کی ذاتی زندگی اور ڈیٹنگ کی جانب مڑ گیا۔
میزبانوں نے ان سے سوال کیا کہ’’ کیا انہیں کبھی کسی نے کافی پر ملاقات کی پیشکش کی ہے؟‘‘
اس پر ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے مرد دوست اکثر انہیں سیر و تفریح کے لیے مدعو کرتے ہیں تاہم وہ انہیں رومانوی ساتھی کے بجائے اپنے دوستوں کی طرح ہی سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر فرح خان نے بھی دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بعض دوست اکثر ان سے رابطہ کرکے پوچھتے ہیں کہ آیا ثانیہ مرزا واقعی سنگل ہیں یا نہیں۔
اس سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے دوٹوک انداز میں کہا’’میری زندگی میں کوئی مرد نہیں ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کوئی ہوگا بھی یا نہیں‘‘۔
ثانیہ مرزا کے اس بیان کے بعد ان کی ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے ۔
