ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے لیے نئی خبر!

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کے لیے ایک اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے لیٹ فائلرز کو بغیر کسی سرچارج کے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے کے لیے ٹیکس دہندگان کو آئندہ چھ ماہ تک کسی بھی قسم کی جائیداد نہ خریدنے کی شرط کی پاسداری کرنا ہوگی۔

اس مقصد کے لیے لیٹ فائلرز کو ایف بی آر کے پاس ایک انڈرٹیکنگ جمع کرانا لازمی ہوگا۔ ایف بی آر نے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک نیا فارم “ATL-U” متعارف کرایا ہے۔ ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس سسٹم کے ذریعے یہ الیکٹرانک انڈرٹیکنگ آن لائن جمع کرا سکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انڈرٹیکنگ جمع کرانے کی تاریخ سے لے کر اگلے چھ ماہ تک ٹیکس دہندہ پر کسی بھی جائیداد کو خریدنے یا حاصل کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

ایف بی آر ان چھ ماہ کے دوران ٹیکس دہندگان کی جانب سے کی جانے والی تمام مالی اور جائیداد کی خرید و فروخت کی سخت نگرانی کرے گا۔اگر کوئی ٹیکس دہندہ چھ ماہ کے دوران جائیداد خریدتا ہے تو اس کی سرچارج سے چھوٹ فوری طور پر ختم کر دی جائے گی اور اسے متعلقہ سرچارج ادا کرنا ہوگا۔

اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور ان لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو وقت پر ڈیکلریشن جمع نہیں کرا سکے تھے، تاؤنکہ وہ مقررہ شرائط پر پورا اتر کر ایکٹو ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert