باپ، بہنوں اور بیٹی کے قتل کا معاملہ، کیا اس خاندان نے مارنے کے علاوہ کچھ نہیں سیکھا؟ جسٹس ہاشم کاکڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ میں باپ کے قتل کے مقدمے میں سزا پانے والے ملزم عبدالباسط کی اپیل پر سماعت کے دوران خاندان کے دیگر افراد کے قتل کا معاملہ بھی زیر بحث آگیا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ کیا ایسے بھی بیٹے ہوتے ہیں جو باپ کو قتل کر دیں؟ باپ کو مار دیا، بہنوں کو مار دیا، بیٹی کو مار دیا، کیا اس خاندان نے مارنے کے علاوہ کچھ نہیں سیکھا؟

سماعت کے دوران مقدمے کے مدعی اور مقتول کے بھائی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انہیں وکیل کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔

اس موقع پر ملزم کے وکیل رضوان اعجاز نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا مدعی خود بھی اپنی 2 بہنوں کے قتل میں ملوث ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے مدعی سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ اپنے ملزم کی فکر کریں، جس پر مدعی نے جواب دیا کہ وہ قتل انہوں نے نہیں کیے تھے بلکہ دوسرے بھائی نے دونوں بہنوں کو قتل کیا تھا۔

مدعی کے وکیل نے بتایا کہ بہنوں کو قتل کرنے والا بھائی بھی اب فوت ہو چکا ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ بہنوں کو کیوں قتل کیا گیا تھا؟ مدعی نے جواب دیا کہ انہیں غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا اور قتل کرنے والا بھائی سبزی منڈی دھماکے میں مارا گیا تھا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے مدعی سے سوال کیا کہ کیا وہ قسم اٹھا سکتے ہیں کہ انہوں نے کچھ نہیں کیا؟ عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ کیا دونوں بچیوں کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا؟

ملزم کے وکیل نے بتایا کہ مقتول کی بیوی نے مقدمہ درج نہیں کروایا، اس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ اس کے لیے ایک طرف شوہر ہے تو دوسری طرف بچہ بھی ہے۔

WhatsApp
Get Alert