نئے صوبوں کا فیصلہ ہوچکا صرف حدود کا تعین باقی ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کو بہتر طرزِ حکمرانی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ ہو چکا ہے، صرف حدود اور نقشہ بندی طے کرنا باقی ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جمہوری نظام اور طرزِ حکمرانی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے.
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام خواب بن کر رہ گیا ہے جس کے لیے میثاق جمہوریت کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ اس معاملے کو 2029 تک لٹکانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ان کے بقول دونوں جماعتوں نے سیاسی معاملات میں اپوزیشن جماعتوں کو پسِ پشت رکھ کر ’اِدھر ہم، اُدھر تم‘ کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ ہو چکا ہے، اب صرف ان کی حدود اور نقشہ بندی کا تعین ہونا ہے لیکن اگر یہ معاملہ سینیٹ انتخابات تک جا پہنچا تو پھر نئے صوبوں کا قیام مشکل ہوسکتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور ملکی معیشت سمیت نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بات چیت کرے گی۔
فواد چوہدری نے ملک میں قومی حکومت کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے تمام جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی مسائل کے حل اور انتظامی ڈھانچے میں بہتری کے لیے سیاسی اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تحریک انصاف کے بانی عمران خان بھی نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں۔
پریس کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں بھی فواد چوہدری نے سینیٹ انتخابات سے قبل قومی حکومت کے قیام کو ناگزیر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو سیاسی ری سیٹ اور معاشی کی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام جماعتوں کو سخت فیصلوں کا بوجھ بانٹنا ہو گا۔
