عمران خان اور بشریٰ بی بی سے تین گھنٹے طویل ملاقات، صحت اور قانونی معاملات پر گفتگو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اڈیالہ جیل حکام نے آج عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات کی اجازت دی، جس میں دونوں کے قانونی اور طبی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ملاقات شام 4 بجے سے 7 بجے تک جاری رہی، جس کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے قانونی معاملات پر جامع ہدایات دی گئیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق انہیں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ القادر ٹرسٹ کیس کی مرکزی اپیلوں میں ہائی کورٹ کے روبرو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی پیچیدگی اور ریلیف سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا درخواست پر سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سردار لطیف کھوسہ ان کے ساتھ عدالت کی معاونت کریں گے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں کے طبی مسائل اور قانونی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل کانفرنس روم میں وکلاء کی تین چار گھنٹے طویل ملاقات کے بعد وکیل سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تین چار گھنٹے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں، میری اور سلمان صفدر کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے ان کی صحت اور مقدمات سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔
کل ملاقات پر پوری ایک تفصیل لکھیں گے ، ان کی طبیعت جو ہم نے خود دیکھی ہے اور جو انہوں نے بتائی ہے وہ ساری حقیقت آشکار ہوجائے گی اور نظر آجائے گی۔
عمران خان کی آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ بالکل موجود ہے، ان کا بلڈ پریشر اتار چڑھاؤ رہتا ہے، بلڈ پریشر کی صورتحال خوفناک حد تک ہے۔
لیکن جو آپ پوچھنا چاہتے ہیں وہ انتہائی مستعد تھے اور ان کا ارادہ بھی بہت زیادہ مضبوط تھا۔

ملاقات میں 28ویں ترمیم پر بھی بات ہوئی ہے لیکن اس پر میں بات نہیں کروں گا۔ ملاقات میں اتنا وقت کیوں لگا یہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے پوچھیں، کیونکہ ہائیکورٹ نے لکھا تھا کہ ایک گھنٹے سے کم ملاقات نہیں ہونی چاہئے، زیادہ جتنی مرضی ہو۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سیر حاصل ہوئی ہے، ملاقات میں پوری طرح معاملات کو ڈسکس کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے جیل ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی اور دونوں وکلا نے ان سے مقدمات اور متفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی۔ جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں اور وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی بانی سے مشاورت کی۔

WhatsApp
Get Alert