ایک ملاقات کے بعد عمران خان 28ویں ترمیم پر فوراً ہاں نہیں کہیں گے، نصرت جاوید کا تجزیہ
میرا خیال تھا کہ عمران خان آفتوں کا دور نہیں گزار پائیں گے لیکن انہوں نے گزارا ہے، ایک سیاستدان 3 سال جیل میں گزارنے کے بعد ایک دم اپنے کارڈ نہیں پھینک دے گا؛ سینئر صحافی کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی و تجزیہ کار نصرت جاوید نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 13 ماہ کے طویل وقفے کے بعد وکلا سے ہونے والی ملاقات، مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر اہم تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسا سیاستدان جس نے 3 سال جیل میں گزار لیے ہوں وہ ایک ملاقات کے بعد فوری طور پر اپنے تمام کارڈ نہیں پھینک دے گا۔
اس حوالے سے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے 13 مہینوں کے طویل وقفے کے بعد وکلاء کی عمران خان سے ملاقات کروائی ہے، لیکن یہ سمجھنا درست نہیں کہ اس ایک ملاقات کے بعد وہ 28ویں آئینی ترمیم پر فوراً کہہ دیں گے کہ ‘حاضر حاضر لہو ہمارا’، اس ملاقات کے بارے میں یہ تاثر دینا کہ یہ محض 28ویں ترمیم کے لیے ان کی ہاں حاصل کرنے کی غرض سے تھی تو یہ بالکل غلط رپورٹنگ ہے۔
حکومت نے 13 مہینوں کے وقفے کے بعد وکلاء کی ملاقات کروائی ہے تو ایسا نہیں ہوگا کہ 28ویں ترمیم پر وہ کہیں کہ حاضر حاضر لہو ہمارا، ایک آدمی جس نے جیل میں 3 سال گزار لیے ہیں وہ ایک ملاقات کے بعد یہ نہیں کہے گا کہ میں حاضر ہوں۔ ایک بات یہ ہے کہ بانی تحریک انصاف لچک دکھا رہے ہیں اور انہیں اس کا فائدہ بھی ہو رہا ہے مثلاً ان کی 2 بہنیں رہا ہو گئی ہیں، کچھ کارکنان اور ایم این اے بھی رہا ہو گئے ہیں۔ اس ملاقات کے بارے میں یہ کہنا کہ یہ ملاقات 28ویں ترمیم کے لئے ان کی ہاں حاصل کرنے کے لئے تھی تو یہ بالکل غلط رپورٹنگ ہے، بانی تحریک انصاف نے 28ویں ترمیم کی مخالفت بھی نہیں کی، ایک سیاستدان 3 سال جیل میں گزارنے کے بعد ایک دم اپنے کارڈ نہیں پھینک دے گا۔ میرا خیال تھا کہ بانی تحریک انصاف آفتوں کا دور نہیں گزار پائیں گے لیکن انہوں نے گزارا ہے۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار نصرت جاوید کی گفتگو
#PublicNews #PublicProgram #KhabbarNashar @_AdnanHaider @javeednusrat
— Public News (@PublicNews_Com) November 12, 2026
نصرت جاوید نے کہا کہ عمران خان نے ابھی تک 28ویں ترمیم کی باضابطہ مخالفت بھی نہیں کی کیونکہ کوئی بھی تجربہ کار سیاستدان 3 سال جیل کاٹنے کے بعد ایک دم اپنے سیاسی پتے شو نہیں کرتا، بانی تحریک انصاف اب سیاسی لچک دکھا رہے ہیں اور انہیں اس رویے کا فائدہ بھی ہو رہا ہے، جس کی تازہ مثال ان کی دو بہنوں، کچھ کارکنان اور رکنِ قومی اسمبلی کی رہائی ہے، میرا خیال تھا کہ عمران خان آفتوں اور صعوبتوں کا یہ کٹھن دور نہیں گزار پائیں گے لیکن انہوں نے جیل کا یہ مشکل وقت گزار کر دکھایا ہے۔
ملاقات کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے تجزیہ کار نے بتایا کہ عمران خان کو جیل میں میڈیا اور اخبارات کے ذریعے ملاقات کے لیے آنے والے افراد کے بارے میں پہلے ہی کافی معلومات مل چکی تھیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش موجود ہے اور اتنے طویل وقفے کے بعد ملاقات پر جب کوئی شخص اپنے قائد کی جسمانی اور ذہنی کیفیت دیکھتا ہے تو اسے اندازہ ہونا چاہیے کہ وہ کس قدر مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، تاہم ایسے حالات میں ملاقات کے بعد رہنماؤں کا مسکراتے ہوئے باہر آنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملاقات سے قبل وکلا کو اس پیش رفت کا واضح علم نہیں تھا، لیکن اچانک انہیں ملاقات کا پیغام ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پسِ پردہ رابطوں میں کچھ نہ کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے، ملاقات میں بعض افراد نے پی ٹی آئی کے رہنماء سلمان اکرم راجہ کی شکایت اور غیبت کی، عمران خان کو بتایا گیا کہ لوگوں کا خیال ہے کہ سلمان اکرم راجہ کو عہدے سے ہٹایا جائے، جس پر عمران خان نے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ان کا متبادل کون ہوگا؟ اور یوں انہوں نے یہ بات ٹال دی۔
صحافی نے مزید دعویٰ کیا کہ ملاقات کے دوران عمران خان نے دو شخصیات کے حوالے سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا، ایک صاحب جو علی امین گنڈاپور کے دورِ حکومت میں بہت متحرک تھے اور آج کل ٹی وی اسکرینوں پر بیٹھ کر خطاب کرتے نظر آتے ہیں، ان کے بارے میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ‘اس سے جان چھڑاؤ’، اسی طرح ایک خاتون جو کسی زمانے میں بشریٰ بی بی کے بہت قریب سمجھی جاتی تھیں، ان کے حوالے سے بھی عمران خان نے پارٹی قیادت کو جان چھڑانے کی ہدایت کی ہے۔
