کوشش کریں گے معدنیات کو خام شکل میں بیرون ملک نہ بھیجا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، قیمتی معدنی وسائل ملکی صنعتوں کیلئے استعمال ہوں گے، پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان منرلز کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں اور مہمانوں کا خیرمقدم کرتا ہوں، فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کا معدنیاتی ایجنڈا کو قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے میں اہم کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ عملی تکمیل اورآپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے، ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، وہ دن دور نہیں جب معدنی وسائل کو ملکی ڈاوٴن اسٹریم انڈسٹری کیلئے بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکر گزار ہوں، گولڈ مین سکس کی پیشگوئی ہے کہ 2075ء تک پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، انشا اللہ 2050ء سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں بلکہ معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں پراسیس اور تیار کرکے برآمد کرنا ہے، سفر مشکل ضرور ہے لیکن ہم پر عزم ہیں، مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کار دونوں کیلئے فائدہ مند ہے، معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پرپورا اترنے کیلئے طریقہ کار کو آسان بنایا جارہا ہے، لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے، نیشنل منرل ڈیٹاسینٹر اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے مستند معلومات فراہم ہوں گی، سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔

بیرک گولڈ کے وفد سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثال قائم کرے گی، بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

مہمان وفد نے وزیرِاعظم اور حکومت پاکستان کے منرل کانفرنس کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جان تھورنٹن سے ملاقات کے دوران کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ہے اور ان وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے مواقع پیدا کرنا اور اردگرد کی آبادیوں کی ترقی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بیرک مائننگ کارپوریشن کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جس کی کامیابی مستقبل کے منصوبوں کے لیے بھی ایک مثال بنے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا ایک اہم سنگِ میل اور ملکی معاشی مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے، ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی، معدنی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سازگار ماحول تشکیل دیا جا رہا ہے۔

ملاقات میں پاکستان میں معدنی شعبے کے لیے موزوں پالیسی، ریگولیٹری اور بنیادی ڈھانچے کے نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ریکوڈک کے علاوہ بھی پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بیرک کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقہ وزراء محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔۔

WhatsApp
Get Alert