بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ، جے یو آئی ف مخالف حکومتی اقدامات کی مذمت
حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہئیے، حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیئے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں؛ بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، اس رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے میڈیا سیل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات، سیاسی انتقام اور پارٹی کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو انتقامی کارروائیوں میں تبدیل نہیں ہونا چاہیئے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا فون
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات، ان کے خلاف سیاسی انتقام اور انہیں نشانہ بنائے جانے کی مذمت
حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہئیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے گفتگو
جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے بات چیت
حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئیے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ
— PPP (@MediaCellPPP) November 15, 2026
بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اسے اپوزیشن کی تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا چاہیے، کسی بھی جمہوری اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی کے لیے ایک ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ حکومت کو ایسے تمام اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے ملک میں جمہوریت اور پارلیمان کا ادارہ کمزور ہونے کا اندیشہ ہو، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں دونوں رہنماؤں کے اس رابطے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
