بجلی مزید مہنگی، صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت کی جانب سے بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ا س سلسلے میں سی پی پی اے نے اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا میں درخواست جمع کرادی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق اکتوبر میں 10 ارب 35 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، جس کی مجموعی پیداواری لاگت 111 ارب 29 کروڑ روپے رہی۔

تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ ڈیزل سے 69 روپے 58 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 46 روپے 42 پیسے فی یونٹ رہی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ایل این جی سے 28 روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جبکہ 31 روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی ایران سے امپورٹ کی گئی۔ گزشتہ ماہ 37 فیصد بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔

بجلی کی قیمتوں سے متعلق درخواست پر نیپرا 26 نومبر کو سماعت کرے گا۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر ایک ماہ کے دوران 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

WhatsApp
Get Alert