ایمن خان اور منیب بٹ کا کراچی کو جیل کہنے پر حنا الطاف کو دوٹوک جواب

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ نے اداکارہ حنا الطاف کے کراچی کو جیل قرار دینے والے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کر دیا۔
حال ہی میں برطانیہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران دونوں فنکاروں سے حنا الطاف کے متنازع بیان سے متعلق سوال کیا گیا کیونکہ حنا الطاف نے کچھ عرصہ قبل کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے شہر کو جیل سے تشبیہ دی تھی۔
ایمن خان کا کہنا تھا کہ خواتین اب پہلے سے زیادہ بااختیار ہو رہی ہیں اور انہیں ذاتی طور پر کراچی میں کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا، تاہم ممکن ہے حنا الطاف کا تجربہ مختلف رہا ہو۔
منیب بٹ نے بھی حنا الطاف کے مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اب حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
دونوں فنکاروں کے بیانات پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ایمن اور منیب کو اپنی مراعات یافتہ حیثیت کا احساس کرنا چاہیے، جبکہ دیگر نے حنا الطاف کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔
