بدقسمتی سے عمران خان کے وکلاء ان کی ہائیکورٹ سے سزا بحال رکھنے کی ہر کوشش میں معاون ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالتوں اور وکیلوں پر انحصار نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے عمران خان کے وکلاء ان کی ہائیکورٹ سے سزا بحال رکھنے کی ہر کوشش میں ممد و معاون ہیں!! جہاں آصف زرداری کے مقدمات گیارہ سال فیصلے پر نہیں پہنچے وہیں عمران خان کی اپیلیں بھی چند مہینوں میں فیصلوں پر پہنچ گئی ہیں۔

ہر ایک کو ان اپیلوں کے فیصلوں کا پتہ ہے، عدالتوں اور وکیلوں پر انحصار نے عمران خان اور تحریک انصاف کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت میں کہا کہ خط کا متن ایک مؤکل کی جانب سے اپنے وکیل کے سپرد کی گئی امانت ہے، جسے انہوں نے اسی انداز اور الفاظ میں قلم بند کیا جس طرح عمران خان نے بیان کیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے واضح اور دوٹوک ہدایت دی تھی کہ میرا یہ خط چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور ایف سی سی کے چیف جسٹس کو پہنچایا جائے جہاں بشریٰ بی بی اور ان کے اپنے علاج معالجے سے متعلق معاملات اس وقت زیرِ التوا ہیں۔
وکیلِ صفائی نے بتایا کہ ایک گھنٹہ پانچ منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں عمران خان نے اپنی قید و بند، قیدِ تنہائی میں گزارے گئے وقت اور وہاں دستیاب و غیر دستیاب سہولیات کی تفصیلات نہایت وضاحت سے بیان کیں، اس مرتبہ بانی پی ٹی آئی نے جس معاملے پر سب سے زیادہ زور دیا وہ ان کا مسلسل بڑھتا ہوا اور بے قابو بلڈ پریشر ہے، عمران خان نے آگاہ کیا کہ دوائیاں بھی اثر نہیں کر رہیں، ان کا بلڈ پریشر بالترتیب 150، 160، 170، 190 اور 192 سے ہوتا ہوا 193 کی ریڈنگ تک ریکارڈ کیا گیا جو کم ہونے کے بجائے 200 کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کے تشویشناک طبی خدشات ان کے اپنے الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تین اہم جملے کہے کہ ’مجھے برین ہیمرج کا شدید خطرہ لاحق ہے، مجھے ہارٹ اٹیک کا شدید خطرہ لاحق ہے، یہ کہ ڈاکٹروں کے مطابق مسلسل بلڈ پریشر ہائی رہنے کی وجہ سے کسی حد تک ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے۔
میڈیا ٹاک میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے مزید بتایا کہ پوری گفتگو کے دوران عمران خان نے 3 مختلف مواقع پر یہ جملہ دہرایا کہ ’زندہ رہوں گا تو کیسز لڑوں گا اور اپنی بے گناہی ثابت کروں گا‘ انہوں نے وکلاء کے ذریعے ججز تک یہ پیغام پہنچانے کی درخواست کی کہ انہیں اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اس وقت فوری اور سخت علاج کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert