موجودہ سیٹ اپ ہمارا زوال ہے، بلاول بھٹو کی تقریر ایک سیاسی ٹرننگ پوائنٹ ہے، سہیل وڑائچ

لاہور (قدرت روزنامہ) سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ موجودہ سیٹ اپ ہمارا زوال ہے، بلاول بھٹو کی تقریر ایک سیاسی ٹرننگ پوائنٹ ہے، پیپلز پارٹی بھی گڈ کاپ بیڈ کاپ کھیل رہی ہے، جس طرح ن لیگ ماضی میں کھیلتی رہی، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اسٹیبلشمنٹ اپنے اتحادیوں کو چھوڑ کر اپنا ایجنڈا پورا کرے گی یا پھر کسی ترمیم یا تبدیلی کے لیے تیار ہو جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ یہاں تو ہم الیکشن کے نتائج نہیں مانتے اور ریفرنڈم تو کیا ہی، آج تک تین ریفرنڈم ہوئے ہیں اور کسی کا بھی نتیجہ عوام میں مقبول نہیں ہوا اور نہ ہی اس کو تسلیم کیا گیا، ہمارے تو الیکشن بھی متنازع ہیں اور ان کے نتائج بھی متنازع ہیں۔
موجودہ الیکشنز کے بارے میں بھی پی ٹی آئی اور بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ صحیح طرح نہیں ہوئے، تو ریفرنڈم تو پھر بھی الیکشن سے ایک نیچے کی چیز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن جو اتنا لمبا عمل ہے، تمام سیاسی جماعتیں حصہ لیتی ہیں، ایک ایک ووٹ کاسٹ ہوتا ہے تو یہاں تو اس پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔ ماضی میں جو تین بار ریفرنڈم ہوا، اس کو کسی نے سنجیدہ نہیں لیا۔
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ میں تو جولائی سے کہہ رہا ہوں کہ یہ جو موجودہ سیٹ اَپ ہے، یہ ہمارا زوال ہے اور اس کا سفر زوال کی طرف شروع ہے، اور کل جو بلاول بھٹو صاحب کی تقریر تھی، یہ ایک پولیٹیکل ٹرننگ پوائنٹ ہے، کیونکہ جس طرح سے مقتدرہ یا اس کے سپورٹر چاہ رہے ہیں، صوبوں کی تقسیم یا ریفرنڈم کے حوالے سے انہوں نے اس بات سے مکمل طور پر انحراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ تین دن زرداری صاحب لاہور رہے ہیں اور یہ جو ان کی میٹنگ چار سال کے بعد شہباز شریف سے ان کے گھر پر آ کر ہوئی، چار سال پہلے آئے تھے ان کے گھر اور ان کو وزیراعظم بنانے کا اعلان کیا، اور اب وہ چار سال بعد ان کے گھر آئے ہیں۔ ظاہر سی بات ہے اس میں کوئی خاص ہی بات تھی اور یہ ایک غیر معمولی ملاقات تھی۔ جونہی وہ یہاں سے گئے ہیں، اس کے اگلے دن ہی بلاول صاحب کی پریس کانفرنس ہوئی ہے۔
سینئر صحافی نے کہا کہ اب اس میں دو آرا ہیں، ایک تو یہ کہ پیپلز پارٹی بھی گڈ کاپ، بیڈ کاپ کھیل رہی ہے، جس طرح سے ن لیگ ماضی میں گڈ کاپ، بیڈ کاپ کھیلتی رہی ہے اور اب بھی کھیلتی ہے۔ کیا یہ ہو رہا ہے کہ یہ واقعی دونوں ہی مل گئے ہیں، نون اور پیپلز پارٹی، یا پھر وہی لڑائی شروع ہو گئی ہے کہ ن لیگ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر اکیلے حکومت کرنا چاہ رہی ہے اور پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کے معاملے پر ن لیگ کے ساتھ شریک نہیں ہونا چاہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ سوالات ہیں جو نئے پیدا ہوئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اسٹیبلشمنٹ اپنے اتحادیوں کو تباہ کرکے اپنا ایجنڈا پورا کرے گی یا پھر ان کے دباؤ میں آ کر اپنے ایجنڈے میں کسی ترمیم یا تبدیلی کے لیے تیار ہو جائے گی۔
