مریم نواز کا آزاد کشمیر حکومت کو پولیس اصلاحات، عوامی رسائی اور منصوبوں کی مسلسل نگرانی کا مشورہ

ؒاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، پولیس اصلاحات اور عوام تک حکومتی رسائی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نہ صرف ترقیاتی کام کر رہی ہے بلکہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی ہر وقت دستیاب ہے۔

مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھی ہوئی ہے۔ وہ نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف کے منتظر تھے کہ وہ آئیں اور اپنے وعدوں کے مطابق ترقیاتی پروگرام شروع کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے آزاد کشمیر کی ترقی میں حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ شامل رہنے اور وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ مل کر وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنا گھر اسکیم، گرین بس، کلینک آن ویلز، کیتھ لیبز اور ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام شروع کیے ہیں۔ امید ہے کہ وہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے منصوبوں کی تکمیل کے لیے ٹائم لائنز مقرر کی ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے وزرا کو اہداف دیے جائیں اور ان کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے انہیں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) جیسا ادارہ دیا، جو اب صوبے کی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔ ان کے منصوبوں سے کون فائدہ اٹھا رہا ہے اور ان کی نگرانی کس طرح ہو رہی ہے، اس کی لمحہ بہ لمحہ معلومات ٹیکنالوجی کے ذریعے موصول ہوتی ہیں، جس سے حکومتی امور آسان ہو جاتے ہیں۔

مریم نواز نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو پولیس اور امن و امان کے شعبوں میں اصلاحات پر بھی خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسپتال، کلینک آن ویلز یا گرین بسیں شروع کرنا کافی نہیں بلکہ ان منصوبوں کی 24 گھنٹے نگرانی بھی ضروری ہے

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو محسوس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت ان کی ترقی اور فلاح کے لیے کام کرنے کے ساتھ ان کی دسترس میں بھی ہے۔ اگر کسی شہری کو پولیس، راشن، غربت یا صحت کے حوالے سے مدد درکار ہو تو ایسا فورم ہونا چاہیے جہاں وہ اپنی شکایت پہنچا سکے اور 24 گھنٹوں کے اندر اسے جواب ملے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومتی سربراہ اور وزرا کی عوام تک رسائی، موجودگی اور کارکردگی کی نگرانی بہت اہم ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو چاہیے کہ وہ عوام کے درمیان زیادہ وقت گزاریں، ان سے براہ راست بات کریں اور وزرا کو واضح اہداف اور مدت مقرر کرکے ذمہ داریاں دیں، پھر ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیں۔

انہوں نے پنجاب میں ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اڑھائی سال میں 5 لاکھ افراد کو تربیت دی گئی، جن میں سے سیکڑوں کو بیرون ملک ملازمتیں بھی ملیں۔ حکومت نے ان کے ویزا پراسیس اور سفر کے اخراجات بھی برداشت کیے۔ عالمی ملازمتوں کی منڈی کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرام تیار کیے گئے اور ان کے ذریعے کسی شہری کو 6 ماہ میں ہنرمند بنایا جا سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert