میرا سچ ہضم نہیں ہو رہا، حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ سکتے ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیان پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کل تھوڑا زیادہ سچ بولا جو اب ہضم نہیں ہو رہا۔ ملک کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، اگر حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ سکتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ کی میزبان عاصمہ شیرازی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حکومت اور سسٹم کا بوجھ اٹھانا میری سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ میں نے انکار نہیں کیا کہ اسٹیک ہولڈر نہیں، وزیراعظم کے ساتھ ہوں لیکن اُنہیں پی سی بی چیئرمین سے تو زیادہ اختیار دیا جائے، کیا چیئرمین پی سی بی کو اختیار ہے کہ وہ کہے کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے۔ کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ ہونا ہے؟ اور ہم چپ کر کے گھر چلے جائیں۔

بلاول بھٹو نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ملکی نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا بھی ہاتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی طور پر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہو گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بلاول بھٹو کے بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص انصاف اور برابری کا مطالبہ کرتا ہے، اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہئیں۔ انہوں نے بلاول سے سوال کیا کہ، کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟ اس سے قبل وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے بھی بلاول کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

بلاول نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ سیاستدانوں کے پاس سچ سننے کا حوصلہ نہیں، سچ سننے کا حوصلہ تو رکھیں، کتنے اسٹیک ہولڈرز سے لڑنا ہے، میرے سچ کے بعد ’انہوں نے‘ فیصلہ کیا کہ مجھ سے بھی لڑنا ہے۔ میری بات سننے کے لیے آپ تیار نہیں اور حوصلہ نہیں تو پاکستان کے عوام کا کیا ہو گا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے سسٹم کولیپس کی بحث کو نہیں چھیڑا، مجھے بھی حق نہیں ہے کہ میں اس بحث میں حصہ ڈالوں، کوئی کہہ رہا ہے کہ ری سیٹ ہونا ہے، میں کہتا ہوں کہ کیا اس کو سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے، یا غیر سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے، جمہوری ہونا چاہیے۔ اگر سسٹم کولیپس ہے تو اس کی وجہ کیا ہے؟ میں اس نظام کا اسٹیک ہولڈر ہوں اور کہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک وزیر بات کرتا ہے تو دوسرا فیصلہ سناتا ہے، آج بھی چاہتا ہوں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں، ان کے ہاتھ مضبوط ہوں، وزیراعظم کے پاس پی سی بی چیئرمین سے زیادہ اختیارات ہونے چاہئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بڑا اسٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود نئے صوبوں کے معاملے پر ہم سے مشورہ نہیں کیا گیا، مجھ سے یا صدر سے کسی نے بات نہیں کہ صوبے بنانا چاہتے ہیں، کیوں بنانا چاہتے ہیں۔ میں اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ میں تاریخ کا طالب علم ہوں اور جانتا ہوں سندھ میں 80 اور 90 میں کیا ہوا؟ سندھ کی سیاست کو تقسیم کرنے کے لیے پہلے بھی سازش کرائی گئی، آج بھی یہ خدشہ موجود ہے، اس لیے خبردار کر رہا تھا کہ زور زبردستی سے سندھ تقسیم ہو گا تو ساتھ نہیں دوں گا، میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا دھمکی نہیں دے رہا تھا، اگر زور زبردستی سے ایسا کچھ کیا گیا تو صوبے میں ایسی آگ لگے گی کہ اسے بجھانا مشکل ہو گا، خون خرابے والے حالات پیدا کیے جائیں گے تو معاشی حالات کیا ہوں گے؟ اگر کوئی سازش کی گئی تو میرے کہے بغیر حالات خراب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ہمارے ساتھ سب سے بڑا ظلم ہوا، کبھی دھمکی نہیں دی، گڑھی خدابخش بھٹو کا قبرستان ہماری قربانیوں کی داستان ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر صوبے بننے ہی بننے ہیں تو پھر میری باتوں پر اعتراض نہ کریں، حکومت کو تجویز دوں گا کہ ’کن فیکون‘ کی طاقت صرف اللہ کی ذات ہے، اگر کوئی کہے کہ فیصلہ ہو گیا تو اس کے اثرات ہوں گے، اتنی طاقت کے باوجود نوجوان کی بات کے بعد آفٹر شاکس کیوں آتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح کہا ہے کہ صوبہ نئے صوبوں کا فیصلہ کرے گا، سوال یہ ہے کہ ایک جعلی ریفرنڈم پر اپنا پیسہ کیوں ضائع کر رہے ہیں؟ (ن) لیگ عوام کا پیسہ ریفرنڈم پر ضائع کرنے کے بجائے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کیوں نہیں کراتی؟ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنے ارکان کا ریفرنڈم کروانا چاہیے۔

بلاول نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ریفرنڈم کے بعد کسی کام کو آئینی عدالت ترمیم میں تبدیل کر دے، اگر ایسا ہوتا تو پھر ہم 26 ویں اور 27 ویں ترمیم نہ کرتے۔ 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت کا بن جانا تاریخی کامیابی ہے، ہم نے 27 ویں ترمیم پاس کر لی میں اس سے پیچھے نہیں ہٹ رہا، میں نہیں کہتا کہ 27 ویں ترمیم ختم کریں یا آئینی عدالتیں ختم کریں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ کیا پی سی بی کو سسٹم ری سیٹ کرنے کا فیصلہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے؟ صوبوں کو تقسیم کیا جائے گا کیا اس پر بات کرنے کا حق صرف چیئرمین پی سی بی کو ہے؟ یہ تجویز دینا کہ ہمارا نظام کیسا ہو گا یہ بھی ریڈ لائن ہو گا؟ اس سے بہتر ہے کہ یہ سیاستدان نہ ہی رہیں؟ تھوڑا بہت آگے جائیں گے تو غدار بن جائیں گے؟ میں مخصوص نشستوں پر صرف تجویز دے رہا ہوں یہ کوئی ریڈ لائن نہیں۔

واضح رہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چند ہفتے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ملک کا نظام ’کولیپس‘ کر چکا ہے۔ وزیرداخلہ کے اس بیان پر سیاسی جماعتوں نے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا تھا۔

بلاول بھٹو نے انٹرویو کے دوران بانی پی ٹی آئی سے متعلق کہا کہ عمران خان سیاستدان بھی ہیں اور قیدی بھی، تو کیا وہ سیاسی قیدی نہیں؟ میرے لیے یہ ماننا کہ پاکستان کا ہر وزیراعظم چور ہے یہ مشکل ہے، میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں کہ کوئی پاکستان کا وزیراعظم بنے اور جیل نہ جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا مولانا صاحب کا حق ہے، مولانا اگر تنقید کرے تو ہمارا ردعمل کیا ہوتا ہے کہ ان کا گھر گرا دیں، ان کے بیٹے کو گرفتار کریں، یہ حکومت کا غیر سنجیدہ طریقہ کار ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا ایران جنگ کے اثرات صرف خطے پر نہیں بلکہ پوری دنیا پر پڑے ہیں، پاکستان امریکا، ایران جنگ سے شدید متاثر ہوا ہے، پاکستان میں عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، پاکستان کو اس وقت تاریخی معاشی بحران کا سامنا ہے، عوام پریشان ہیں کہ علاج کروائیں یا روز مرہ کی ضروریات پوری کریں، سیاست دانوں اور تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ معاشی حالات بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔

WhatsApp
Get Alert