پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے 7 ماہ کے وظائف روکنے اور ہاس آفیسرز کے واجبات سے انکار پر ینگ ڈاکٹرز کا شدید احتجاج کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے)بلوچستان نے محکمہ صحت کی جانب سے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اور ہاس آفیسرز کے وظائف سے متعلق حالیہ نوٹیفکیشنز پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت مسلسل ڈاکٹرز کے جائز مالی حقوق سلب کر کے انہیں معاشی مشکلات سے دوچار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز گزشتہ 7 ماہ سے اپنے وظائف سے محروم ہیں، جبکہ اب محکمہ صحت کو بجٹ موصول ہونے کے باوجود پی جی ایم آئی (PGMI) کو نوٹیفکیشن جاری کر کے وظائف روکنے کے احکامات دینا حکام کی غیر سنجیدگی اور ڈاکٹرز کے مسائل سے لاتعلقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دوسری جانب ہاس آفیسرز بھی اپنے جائز واجبات سے محروم ہیں، اور معزز بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے ہاس آفیسرز کے حق میں فیصلہ جاری ہونے کے باوجود محکمہ صحت نے عدالتی احکامات کی روح کے منافی بائیومیٹرک حاضری کی بنیاد پر وظائف کی ادائیگی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ترجمان نے سوال اٹھایا کہ جب ہاس آفیسرز کی بائیومیٹرک حاضری کا باقاعدہ نظام آج بھی موجود نہیں تو گزشتہ تین سال کی بائیومیٹرک حاضری کہاں سے لائی جائے گی؟ مزید برآں، نوٹیفکیشن میں 2021، 2022 اور 2023 کے ہاس آفیسرز کو وظائف کی ادائیگی سے خارج کرنا سراسر ناانصافی اور قانونی حقوق سے انکار کے مترادف ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور اسپیشل سیکریٹری صحت سمیت تمام متعلقہ حکام کو متعدد بار ڈاکٹرز کی سنگین معاشی مشکلات سے آگاہ کیا گیا، مگر عملی اقدامات کے بجائے ہر بار محض وعدوں اور یقین دہانیوں کا سہارا لیا گیا جو اب کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔وائی ڈی اے ترجمان نے اعلان کیا کہ محکمہ صحت کی ان مبینہ ڈاکٹرز دشمن پالیسیوں کے خلاف کل بروز جمعرات، 19 نومبر سے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں وارڈ ٹو وارڈ مہم شروع کی جائے گی، جس میں ڈاکٹرز کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ بروز ہفتہ 21 نومبر کو ایک اہم پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے سخت احتجاجی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert