یو اے ای میں ملازمت کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری!

متحدہ عرب امارات (قدرت روزنامہ) میں کام کرنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی ملازمین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، جہاں 2027 کے دوران تنخواہوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق تقریباً 46 فیصد کمپنیاں آئندہ سال اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اوسطاً 2.8 فیصد اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا منصوبہ بنانے والی زیادہ تر کمپنیاں اپنے ملازمین کو 1 سے 5 فیصد تک اضافہ دینے کی پیشکش کر سکتی ہیں، جبکہ 42 فیصد اداروں نے فی الحال تنخواہیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مجوزہ اضافے کے مطابق اگر کسی ملازم کی ماہانہ تنخواہ 3 ہزار درہم ہے تو اس میں تقریباً 84 درہم کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح 5 ہزار درہم ماہانہ کمانے والے ملازم کو 140 درہم جبکہ 10 ہزار درہم تنخواہ لینے والے کو 280 درہم اضافی ملنے کا امکان ہے۔
یو اے ای میں تنخواہوں میں اضافہ ان پاکستانی کارکنوں کے لیے بھی اہم پیش رفت ہو سکتی ہے جو متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں سے وابستہ ہیں اور اپنی آمدنی میں بہتری کے منتظر ہیں۔ تاہم یہ اضافہ تمام کمپنیوں کی جانب سے یکساں طور پر نہیں ہوگا، کیونکہ ہر ادارہ اپنی پالیسی اور مالی حالات کے مطابق فیصلہ کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق 2027 میں متحدہ عرب امارات کی 42 فیصد کمپنیاں نئے ملازمین بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ 32 فیصد ادارے اپنے موجودہ عملے کو برقرار رکھنے پر توجہ دیں گے۔ مجموعی طور پر نئی بھرتیوں میں اوسطاً 0.9 فیصد اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
روزگار کے نئے مواقع کے حوالے سے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں کو نمایاں قرار دیا گیا ہے، جہاں ملازمتوں کے زیادہ امکانات سامنے آئے ہیں۔ اس پیش رفت سے یو اے ای میں پہلے سے کام کرنے والے پاکستانیوں کے ساتھ وہاں روزگار تلاش کرنے کے خواہش مند افراد کو بھی فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
