کالعدم بی ایل اے شدید اندرونی اختلافات اور فنڈنگ تنازعات کا شکار، بھارت نے بشیر زیب کو ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیا: بابر یوسفزئی

بشیر زیب اور رحمٰن گل میں شہناز گل کی وجہ سے دوریاں پیدا ہوئیں، نئے کمانڈر کو نااہلی پر فوج سے برطرف کیا گیا تھا: معاون محکمہ داخلہ بلوچستان کا انٹرویو


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے شدید اندرونی اختلافات، فنڈنگ کے تنازعات اور قیادت کی کشمکش کا شکار ہو چکی ہے، جبکہ بشیر زیب اور رحمٰن گل کے درمیان شہناز گل کی وجہ سے شدید دوریاں پیدا ہوئیں۔ اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ بشیر زیب سے بھارت شدید ناراض تھا اور بھارت نے انہیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کر کے پھینک دیا ہے، جبکہ تنظیم کے نئے کمانڈر رحمٰن گل کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا جائے گا۔
بابر یوسفزئی نے بتایا کہ رحمٰن گل ایک متنازع شخصیت ہیں جنہیں نااہلی کی بنیاد پر افواجِ پاکستان سے برطرف کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں کسی قسم کی آزادی کی کوئی تحریک نہیں چل رہی بلکہ یہ ایک لاحاصل پراکسی جنگ ہے جو بھارت کی ایماء پر مسلط کی گئی ہے، اور اس کا نہ تو بلوچ روایات سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اسلام سے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان، ایف سی اور پولیس دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں جن کے نتیجے میں صوبے کے حالات تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

WhatsApp
Get Alert