چند نادہندہ صارفین کی سزا پورے علاقے کو نہ دی جائے، شہری علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ یقینی بنائی جائے: اسپیکر بلوچستان اسمبلی
چمن کی غریب خاتون کو دو پنکھوں پر 57 ہزار بل بھیجنا ظلم ہے، 27 ہزار ٹیوب ویلز سولر پر منتقل ہونے کے باوجود بجلی قلت سمجھ سے بالاتر ہے: کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی زیر صدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے چیف مجیب مری اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے جنرل منیجر راحیل ملک کو طلب کر کے صوبے بالخصوص کوئٹہ میں بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور عوامی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اراکینِ اسمبلی علی مدد جتک، ہادیہ نواز بحرانی، فرح عظیم شاہ، سلمیٰ بی بی، کلثوم نیاز بلوچ، شاہدہ رؤف، زرک خان مندوخیل، ملک نعیم خان بازئی، لیاقت علی لہڑی، صفیہ بی بی اور محمد خان لہڑی نے شرکت کی اور شدید سردی میں بجلی و گیس کی عدم دستیابی، پی ایس ڈی پی فنڈز کے اجراء کے باوجود اسکیموں کی عدم تکمیل اور ایس ڈی اوز کی جانب سے اراکینِ اسمبلی کے فون وصول نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چند نادہندہ صارفین کی سزا پورے علاقے کو بجلی سے محروم کر کے نہیں دی جا سکتی، لہٰذا کم از کم شہری علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے چمن کی ایک غریب خاتون کو محض دو پنکھوں اور تین بلبوں پر 57 ہزار روپے کا بل بھجوانے کا حوالہ دیتے ہوئے بلنگ نظام میں سنگین بے ضابطگیوں پر تشویش ظاہر کی اور استفسار کیا کہ 27 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے باوجود بجلی کی قلت برقرار رہنے کی کیا وجوہات ہیں؟ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف کیسکو مجیب مری نے بجلی چوری اور سرکاری محکموں کے ذمے واجب الادا بلز کو بنیادی مسائل قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ بجلی چوری سے پاک علاقوں میں حتی الامکان 100 فیصد بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ جی ایم سوئی سدرن راحیل ملک نے گیس چوری، پائپ لائنوں کو نقصان اور بوزرز کے ذریعے ترسیل میں سیکیورٹی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے شکایات کے فوری ازالے کے لیے علاقائی فوکل پرسنز نامزد کرنے کی تجویز دی۔ اسپیکر نے ہدایت کی کہ صوبائی محکموں کے ذمے واجب الادا بلوں کی مکمل فہرست مرتب کی جائے تاکہ ادائیگی کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے معاملہ اٹھایا جا سکے۔
