اورماڑہ کے قریب مسافر بس اور ایل پی جی گیس بوزر میں خوفناک تصادم کے بعد آتشزدگی، 12 افراد جاں بحق، 27 زخمی
جاں بحق ہونیوالوں میں بوزر ڈرائیور، کلینر اور کوچ میں سوار 7 مرد و 3 بچے شامل، 9 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے، پاک بحریہ اور ریسکیو 1122 کا بروقت آپریشن

اورماڑہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) اورماڑہ بسول کے قریب چاھی کے مقام پر مسافر بس اور ایل پی جی گیس بوزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث 12 افراد جھلس کر جاں بحق اور 27 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد دشت کوچ 46 مسافروں کو لے کر تربت سے کراچی جا رہی تھی کہ بسول کے قریب کراچی سے 250 بارڈر کی جانب جانے والا ایل پی جی گیس بوزر مسافر بس سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو فوری طور پر آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے میں ایل پی جی بوزر کا ڈرائیور اور کلینر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ مسافر بس میں سوار 10 مسافر بھی جان کی بازی ہار گئے جن میں 7 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، تاہم بس میں سوار 9 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ مجموعی طور پر 27 زخمیوں میں 14 مرد، 9 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، جن میں سے 20 افراد کو پی این ایس درمان جاہ ہسپتال اورماڑہ جبکہ 7 زخمیوں کو پسنی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں 26 سالہ دانش اقبال، 43 سالہ آصف، 40 سالہ احسن، 38 سالہ عبدالرشید، 20 سالہ عرفان، 8 سالہ نصیر، 14 سالہ فراز، 11 سالہ نائفہ، 40 سالہ جان بی بی، 35 سالہ نازل، 30 سالہ مراد، 34 سالہ شہزاد، 30 سالہ بیبل، گل جان نازل، 35 سالہ حامد، 18 سالہ سما گل، 25 سالہ عاصمہ، 18 سالہ ضمیر، بالاچ، 5 سالہ ثناء اللہ، 28 سالہ اسد اللہ، 19 سالہ رحیم اور 25 سالہ سلیم شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کے ریسکیو دستوں، فائر فائٹرز، پی این ایس درمان جاہ کے طبی عملے اور ریسکیو 1122 پسنی و اورماڑہ کی ٹیموں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور متعدد قیمتی جانیں بچا لیں۔
