بلوچستان کی گیس سے پورا ملک روشن مگر مقامی باسی شدید سردی میں ٹھٹھرنے پر مجبور ہیں: مولانا ہدایت الرحمٰن

اسماء جتک کے اغواء کار اور قاتل تاحال آزاد ہیں، نئے انتظامی یونٹس بنانا گناہ نہیں مگر اسٹیک ہولڈرز کا اتفاقِ رائے ضروری ہے: امیر جماعت اسلامی بلوچستان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کئی اضلاع آج بھی قدرتی گیس کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جبکہ کوئٹہ سمیت جن علاقوں میں گیس موجود ہے وہاں بھی سخت سردی کے دوران پریشر میں شدید کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ بلوچستان کی پیدا کردہ گیس سے پورے ملک کی صنعتیں اور چولہے آباد ہوئے مگر خود اس سرزمین کے باسی اپنے ہی وسائل سے محروم ہیں، لہٰذا سوئی سدرن گیس کمپنی موسمِ سرما کے پیشِ نظر بلا تعطل گیس کی فراہمی اور پریشر کی بحالی یقینی بنائے۔
امن و امان اور انصاف کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ اسماء جتک کو تاحال انصاف نہیں مل سکا اور اس سنگین کیس میں ملوث اغواء کار اور قاتل ابھی تک قانون کی گرفت سے آزاد ہیں، جنہیں فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق جاری بحث پر مؤقف واضح کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بنانا کوئی گناہ نہیں تاہم اس اہم اقدام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی اتفاقِ رائے ضروری ہے، اس معاملے کو کفر و اسلام یا قومیتوں کا مسئلہ بنانے کے بجائے خالصتاً انتظامی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert