شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی اور اسد خان اچکزئی کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں، 22 نومبر کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں: زمرک خان اچکزئی

مرکزی صدر ایمل ولی خان کی آمد سے خطے کی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ضلع قلعہ عبداللہ کے عوام اتحاد کا مظاہرہ کریں: پارلیمانی لیڈر اے این پی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے خان شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی اور اسد خان اچکزئی شہید کی برسی کے موقع پر جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی تاریخی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی نے فخرِ افغان باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پشتون قوم کے اتحاد، امن، خوشحالی اور مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کی جبکہ قبائلی تنازعات اور برادر اقوام کے درمیان رنجشوں کے خاتمے اور صلح جوئی کے لیے بھی ہمیشہ صفِ اول میں سرگرم رہے۔
انجینئر زمرک خان اچکزئی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے علاقے کی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل کے حل پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور وہ پشتون وطن کے مسائل کو ہر قومی و پارلیمانی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔ انہوں نے پشتون عوام بالخصوص ضلع قلعہ عبداللہ کے غیور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ 22 نومبر کو منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کر کے اپنے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

WhatsApp
Get Alert