گاڑی مالکان کےلیے بڑی خبر، حکومت نے اہم اعلان کر دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)حکومت پنجاب نے گاڑیوں کے واجب الادا ٹوکن ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ مقرر کرتے ہوئے مالکان کو جرمانوں سے خبردار کر دیا ہے۔
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے سرکاری، نیم سرکاری اور نجی گاڑیوں کے مالکان کو ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے آخری مہلت دے دی ہے۔
محکمے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق گاڑی مالکان 30 نومبر 2026 تک اپنے واجب الادا ٹوکن ٹیکس بغیر کسی جرمانے کے جمع کروا سکتے ہیں، تاہم یکم دسمبر 2026 سے ٹیکس جمع نہ کروانے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کا ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے کی صورت میں 50 فیصد جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ موجودہ مالی سال کا ٹوکن ٹیکس جمع نہ کروانے پر 25 فیصد جرمانہ ہوگا۔ یہ جرمانے ہر گزرتے مہینے کے ساتھ بڑھتے جائیں گے۔
محکمہ ایکسائز نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھاری جرمانوں اور گاڑی کی رجسٹریشن منسوخ ہونے سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ تک ٹوکن ٹیکس ادا کر دیں۔
محکمے کے مطابق ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے ای پے (ePay) کی سہولت بھی دستیاب ہے، جس کے ذریعے گھر بیٹھے بھی ٹیکس جمع کروایا جا سکتا ہے۔
