بلوچستان کی تاریخ کی پہلی دو روزہ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

وزیر اعلیٰ کے وژن کے تحت مقامی تاجروں و صنعتکاروں کو قومی و عالمی سطح پر پلیٹ فارم فراہم کیا گیا، نوجوان نوکریوں کے بجائے کاروبار پر توجہ دیں: مقررین


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBoIT) کے زیر اہتمام بلوچستان کی تاریخ کی پہلی دو روزہ بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس میں ملک بھر سے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری اداروں، سرکاری محکموں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین بی بی او آئی ٹی بلال خان کاکڑ نے تمام نمائش کنندگان اور کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت منعقدہ اس ایکسپو کا مقصد صوبے کے تاجروں، صنعتکاروں اور ایس ایم ایز کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا، اور حکومت صوبے میں کاروبار و صنعتوں کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز (BUITEMS) پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے انٹرپرینیورشپ، اسٹارٹ اپس اور صنعت و تعلیمی اداروں کے باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف سرکاری ملازمتوں کے حصول تک محدود رہنے کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے اور دوسروں کے لیے روزگار پیدا کرنے کی سوچ اپنانی چاہیے، کیونکہ تعلیمی اداروں، حکومتی تنظیموں اور صنعت کے درمیان مضبوط رابطہ ہی پائیدار معاشی ترقی کا ضامن ہے۔

WhatsApp
Get Alert