بلاول بھٹوکے بیانات پر صدر زرداری، وزیراعظم کے پاس پہنچ گئے، سیز فائر پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی حامد میر نےجیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صدر آصف علی زرداری کی خواہش پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی گئی، جس میں بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس پر سامنے آنے والے ردعمل پر تبادلہ خیال ہوا۔
حامد میر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات میں کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث جو تلخی پیدا ہوئی ہے اسے کم کیا جائے، جس سے وزیراعظم نے بھی اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو نے اپنے بیانات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بار بار ذکر کیا تھا، اس لیے وہ بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے صدر کو بتایا کہ محسن نقوی جو بھی بات کرتے ہیں، اس میں ان کی مرضی اور تائید شامل ہوتی ہے، تاہم بلاول بھٹو کے ساتھ موجود کمیونیکیشن گیپ کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان حالیہ سیاسی کشیدگی کم کرنے اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ رابطوں میں بہتری لانے پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں بلاول بھٹو اور وزیراعظم کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
سینئر صحافی نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے ملاقات میں سیز فائر کی تجویز دی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ سیاسی بیان بازی میں تلخی کم ہونی چاہیے۔
تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ سیز فائر ہو چکا ہے، البتہ اس پر اتفاق ضرور ہوا ہے کہ سیز فائر ہونا چاہیے۔
حامد میر کے مطابق وزیراعظم کی صدر سے ملاقات ختم ہونے کے بعد بلاول بھٹو کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات شروع ہوئی، جو کافی دیر تک جاری رہی۔ اس ملاقات میں بلاول بھٹو نے اپنا مؤقف واضح کیا اور اس کا دفاع کیا، خصوصاً اپنے جبری اکثریت سے متعلق بیان کی وضاحت کی۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو نے مؤقف اختیار کیا کہ ہر جگہ ریفرنڈم کی بات ہو رہی ہے، لیکن اس حوالے سے ان سے کسی نے بات نہیں کی۔ سندھ اسمبلی بھی باقاعدہ قرارداد منظور کر چکی ہے کہ صوبے نہیں بن سکتے، لہٰذا انہیں بھی اس قرارداد کی روشنی میں اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔
حامد میر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو سے کہا کہ اگر آپ نے اتنی اہم باتیں کرنی تھیں تو مجھے بھی آگاہ کر دیتے اور اعتماد میں لے لیتے۔
بلاول بھٹو نے گزشتہ چند روز کے دوران جو بیانات دیے، ان میں صدر زرداری آن بورڈ نہیں تھے۔
سینئر صحافی نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو کا مؤقف ہے کہ یہ ان کا سیاسی بیان ہے، وہ پارٹی کے چیئرمین ہیں اور اپنے لوگوں سے مشاورت کے بعد انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے، اس لیے انہیں اپنی پارٹی کے معاملات پر سیاسی مؤقف دینے کا حق حاصل ہے۔
حامد میر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو کو بتایا کہ وزیراعظم سے ان کی ملاقات ہو چکی ہے، اس لیے وہ وزیراعظم کے ساتھ اپنا کمیونیکیشن گیپ کم کریں۔
صدر نے یہ بھی کہا کہ وفاقی وزرا بلاول بھٹو کے خلاف بیانات نہیں دیں گے اور انہیں بھی اپنے مؤقف میں نرمی پیدا کرنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اب کوشش کی جا رہی ہے کہ بلاول بھٹو اور وفاقی وزرا کے درمیان ملاقات کروائی جائے، جبکہ آنے والے دنوں میں بلاول بھٹو اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات بھی متوقع ہے تاکہ حالیہ صورتحال سے پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کی جا سکے۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ اس وقت دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ریفرنڈم کے معاملے پر بھی بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ یہ ایک طویل عمل ہے اور اس کے لیے بھی حکومت کو پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے بلاول بھٹو کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کے بعض وزرا و یہ حق حاصل ہے کہ وہ مجھ سے مشاورت کیے بغیر ریفرنڈم کی بات شروع کر سکتے ہیں تو مجھے بھی یہ حق حاصل ہے کہ میں اپنا بیان دوں۔
