بلاول بوقتِ ضرورت مؤقف بدلتے اور ضرورت کے مطابق جمہوری باتیں کرتے ہیں، سلیم صافی کا تجزیہ

جب ضرورت ختم ہو جائے تو پھر وہ دوسری طرح کے بلاول بن جاتے ہیں، پھر وہ اسٹیبلشمنٹ کے بھی ہمنوا ہوتے ہیں اور حکومت کے بھی ہمنوا ہوتے ہیں؛ تجزیہ کار کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات، سیاسی حکمتِ عملی اور موجودہ حکومتی ڈھانچے میں پیپلز پارٹی کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو شاملِ حال کرنے کی بات اصولی طور پر درست ہے، تاہم بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف بوقتِ ضرورت تبدیل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
اینکر پرسن شہزاد اقبال نے اپنے پروگرام میں گفتگو کے دوران ذکر کیا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی حالیہ گفتگو میں پہلے جیسی جارحیت کے بجائے ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے یہ مؤقف اپنایا کہ معاملات درست کرنے کے لیے انہیں شاملِ حال کرنا پڑے گا، بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ان کے والد کو جیل میں ڈالا لیکن انتقام کی سیاست سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔
اس پر دیئے جانے والے تجزیئے میں سلیم صافی کے نزدیک یہ سوال اہم ہے کہ آیا بلاول بھٹو واقعی سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنا چاہتے ہیں یا ان کی اس بات کا تعلق صوبوں کے معاملے اور دیگر فریقین کی حمایت حاصل کرنے کی ضرورت سے ہے، ضرورت پڑنے پر اس نوعیت کی باتیں کی جاتی ہیں اور ضرورت پوری ہونے پر طرزِ عمل بدل جاتا ہے، بعض اوقات اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے ہمنوا ہونے کا تاثر بھی ابھرتا ہے۔


سلیم صافی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی قوتوں کو شاملِ حال کرنے کی بات پہلے دن سے کی جا رہی ہے، اور جب مولانا فضل الرحمان کے خلاف معاملات شروع ہوئے اور شہداء سے متعلق بیان کے بعد صورتحال بنی تو انہوں نے بھی اخبار میں کالم لکھ کر خبردار کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو دشمن نہ بنایا جائے اور دیوار سے نہ لگایا جائے۔
تاہم انہوں نے بلاول بھٹو کی پرانی اسمبلی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کو ایک شخص کی رہائی کے شور پر طعنے دیئے گئے تھے اور سیاست نہ کرنے کی بات کی گئی تھی، اب انہیں سیاسی قیدی قرار دیا جا رہا ہے، اگر یہ مؤقف پچھلے انتخابات کے بعد سے تسلسل کے ساتھ اختیار کیا جاتا اور فارم 47 کا ذکر بھی مسلسل ہوتا تو بات مختلف ہوتی۔
سلیم صافی کا کہنا ہے کہ فارم 47 سے صرف مسلم لیگ ن نہیں بلکہ شہری سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں پیپلز پارٹی بھی مستفید ہوئی، آئینی ترمیم اور نشستوں کے حوالے سے بھی پیپلزپارٹی کو فائدہ پہنچا، مرکز میں اقتدار، صدارت، تین صوبوں میں حکومتیں، دو صوبوں میں گورنرشپ اور گلگت بلتستان میں موجودگی کے باوجود، عہدوں سے مستعفی ہوئے بغیر نظام پر تنقید مناسب نہیں لگتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کو شاملِ حال کرنا چاہیے اور مولانا کی سکیورٹی واپس لینے جیسے اقدامات نامناسب اور غلط ہیں تاہم جہاں صحافی اور تجزیہ کار یہ بات تسلسل سے کرتے ہیں وہاں بلاول بھٹو یہ بات بوقتِ ضرورت کرتے ہیں، چند ہفتے قبل خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف گورنر راج لگانے کا فیصلہ ہوا تو اس کی وکالت بلاول بھٹو زرداری نے کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert