ڈکی بھائی کی گیم جی ٹی اے 6 کی لائیو اسٹریم تنازع کا شکار

گیم میں موجود بالغوں کے لیے مخصوص مناظر دکھانے اور گالم گلوچ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مشہور پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی کو حال ہی میں ریلیز ہونے والی گیم جی ٹی اے 6 کی لائیو اسٹریم کے دوران مبینہ طور پر گیم میں موجود بالغوں کے لیے مخصوص مناظر دکھانے اور گالم گلوچ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی جیسے بڑے اسٹریمرز کے ناظرین میں کم عمر بچے اور نوجوان بھی شامل ہیں، اس لیے لائیو اسٹریم کے دوران اس نوعیت کا مواد دکھانے سے بچوں تک عمر کے لحاظ سے نامناسب مواد کی رسائی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ جی ٹی اے جیسی 18 پلس گیم کا لائیو گیم پلے محض گیم کھیلنے تک محدود نہیں رہتا، خصوصاً جب اس دوران اسٹرپ کلب، گالم گلوچ اور بالغوں کے لیے مخصوص مناظر بھی ناظرین کے سامنے پیش کیے جائیں۔

پوسٹ میں ایک ویڈیو کلپ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں ڈکی بھائی کے والد جی ٹی اے 6 کی ورچوئل دنیا میں لڑائی جھگڑوں، گالم گلوچ، اسلحے، گاڑیاں چھیننے، فائرنگ، قانون شکنی اور نامناسب مناظر کو تفریح کا حصہ بنانے کے حوالے سے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
کلپ میں والدین سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا بچوں کو ایسی گیم کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے؟
تنقید کرنے والوں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ ایک طرف معاشرے میں بچوں کے تحفظ اور ان کے ساتھ پیش آنے والے سنگین جرائم پر تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے، جبکہ دوسری جانب ایسے مواد کو گیم پلے اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر بڑے پیمانے پر دکھایا جاتا ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کم عمر ناظرین کے سامنے بار بار اس نوعیت کا مواد آنے سے ان کے لیے نامناسب رویوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے حدود دھندلی ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بعض صارفین نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا ہے کہ ایسے مواد پر تنقید کے باوجود متعلقہ اسٹریمرز کو ایوارڈز، ووٹ اور عوامی پذیرائی ملتی رہتی ہے۔
اس معاملے میں والدین اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ بڑے سوشل میڈیا کریئیٹرز کے کردار پر بھی بحث کی جا رہی ہے۔ ناقدین کے مطابق زیادہ ناظرین اور اثر و رسوخ رکھنے والے کریئیٹرز کو اپنے مواد کے ممکنہ ناظرین، خصوصاً کم عمر بچوں، کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert