موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کیلئے بڑا خطرہ بن چکی: مصدق ملک

نئی دہلی(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
نئی دہلی میں ایس سی او سویلائزیشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں تقریباً 1700 افراد جاں بحق ہوئے، اس سیلاب میں سندھ کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2022 کے دوران لاڑکانہ میں موہنجودڑو کے کھنڈرات پر ریکارڈ بارش ہوئی، شدید بارشوں کے باعث ساڑھے 4 ہزار سال قدیم موہنجو دڑو کی کئی دیواریں گر گئیں، موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین وادی سندھ اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہی ہے، اسلام آباد کے گردو نواح میں مختلف تاریخی تہذیبیں ہیں۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے مزید کہا کہ گندھارا کا بدھ فن تعمیر شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا، پاکستان کے تاریخی روابط شمال کی جانب بخارا اور سمر قند تک پھیلے ہوئے ہیں۔
