پاکستان عالمی جوہری سلامتی تعاون کے 4 روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان 23 تا 26 نومبر انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سیکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
یہ 4 روزہ بین الاقوامی کانفرنس عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے منعقد ہوگی۔

اجلاس میں آئی اے ای اے کے نمائندوں کے علاوہ این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔

اس اہم اجلاس کے شرکا جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت اور معاونت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور تجربات کے تبادلے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اُس وقت یہ کانفرنس پہلی مرتبہ آئی اے ای اے کے ویانا میں واقع مرکزی صدر دفتر سے باہر منعقد ہوئی تھی۔

اسلام آباد میں 15ویں اجلاس کا انعقاد جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور بین الاقوامی سطح پر اس کی کوششوں کا عکاس ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان عالمی تعاون، علم کے تبادلے اور پائیدار صلاحیت سازی کے ذریعے اس شعبے میں اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔

WhatsApp
Get Alert