12 مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، میئر کراچی

کراچی)(قدرت روزنامہ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی نہیں ہونے دیں گے، بات چیت ہی مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ ہمیشہ ہوتے رہنا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی سڑک بند نہ ہو، کوئی سیاسی جماعت اگر کوئی بات کرنا چاہے تو کرے، افہام و تفہیم کے ساتھ معاملہ آگے بڑھے۔علی خورشیدی میرے بھائی ہیں، پڑھے لکھے آدمی ہیں، بس وہ غلط جگہ پھنس گئے ہیں، کمٹمنٹ یہ ہے کہ کام ہونا چاہیے، علی بھائی کی گلی بن گئی یہ اچھی بات ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کی یکجہتی کا دن صرف دسمبر میں نہیں منایا جاتا، ہم دوبارہ 12 مئی نہیں چاہتے، معاشی حالات کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، نئی نسل کو امید دینے کی ضرورت ہے۔
وہ ضلع غربی اورنگی ٹاؤن میں زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ پر سیوریج سسٹم کی بحالی اور پیور بلاک لگانے کے منصوبے اور فقیر کالونی روڈ سے میٹروول روڈ براستہ مومن آباد اور عثمان روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج ضلع غربی اورنگی ٹاؤن میں ہم آئے ہیں، ایک وعدے کی تکمیل کا آج دن ہے، کام کرنے سے پہلے پانی اور سیوریج کا کام بھی کیا گیا ہے، پھر 80 ایم ایم کے پیور لگائے گئے ہیں، کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی، فقیر کالونی سے میٹروول کی طرف جانے والی سڑک پر بھی کام جاری ہے، جو دو سے ڈھائی ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی کے ایم سی ہے جو ماضی میں ان کے پاس تھی جنہوں نے بیڑہ غرق کیا، آج قیادت پتنگ یا ترازو کی نہیں تیر کی ہے، آج وہی کے ایم سی کام کرتی نظر آ رہی ہے، بہتری کا سفر جاری رہے گا، آج یہاں قابضین نہیں بیٹھے ہوئے، میں گلبائی سے ہوتا ہوا آیا ہوں، گلبائی کے علاقے میں بھی کارپیٹنگ کا کام جاری ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ترازو نے کچھ نہیں کیا جو کچھ کیا وہ تیر نے کیا، ہم نے کام کر کے دکھایا، اس سال 165 سڑکیں ہم از سر نو تعمیر کریں گے۔ پیپلز پارٹی بلا تفریق بلا تعصب کام کرتی نظر آ رہی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ اس شہر میں ہر قوم کا فرد رہتا ہے، یہاں جو کانٹے سامنے آ گئے تھے انہیں سائیڈ پر رکھ کر پھولوں کو آگے لانا ہے۔ امن ہوگا تو کاروبار ہوگا، تعصب ختم ہوگا تو بہتری آئے گی، لڑائی جھگڑے سے فائدہ نہیں، ہم چاہتے ہیں وہ کراچی ہو جہاں خوف نہ ہو، جہاں بوری بند لاش نہ ملے، پہیہ جام نہ ہو، بھتے کی پرچیاں نہ ملیں، ہم نے کے ایم سی کو پیروں پر کھڑا کر دیا ہے۔ آنے والا جو بھی میئر ہوگا اس کے پاس وہ وسائل ہوں گے جو ماضی میں نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ماضی میں 15 کروڑ کماتے تھے، آج ہم ماہانہ 30 کروڑ روپے کماتے ہیں، وہ طرم خان تیس مار خان کے دور میں اتنی آمدنی بلدیہ کی نہیں تھی۔ آج پیسے کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آ رہے ہیں، بہتری کا سفر بلاول کی سربراہی میں اسی طرح جاری رہے گا۔ طوری بنگش کے علاقے میں بھی سڑک بننے جا رہی ہے جو اورنگی اور ضلع کیماڑی کو ملائے گا۔ بہتری، ترقی، تعمیر، تہذیب اور تمدن کا سفر پیپلز پارٹی کی قیادت میں جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ ہے کہ عوام کے کام کرنے ہیں، اسی لیے اتوار کو بھی ہم یہاں ہیں، بھرتی کسی بھی دور کی ہو پھرتی آ گئی ہے، ہماری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے، جو کام کرے تو شاباش، جو کام نہ کرے تو اسے ہوشیار، شہر بھر کے ٹاؤن میں کام ہوتا نظر آ رہا ہے، میرا بھی ٹاؤن سے اختلاف ہو سکتا ہے مگر اب کام ہو رہا ہے، ٹاؤن چیئرمین بھی پی پی کا ہے، میں بھی یہیں کا ہوں، مل جل کر کام ہو سکتا ہے، چیزیں ٹھیک ہو سکتی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ میں جمیل ضیا سے کہتا ہوں کہ وہ الگ سے نیوز کانفرنس میں میڈیا کو بتائیں کہ اب تک کیا کام ہو سکا ہے، مل کر کام کریں گے تاکہ شہر ترقی کرے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کارکن ہمارے سر کا تاج ہیں، کارکن ہیں تو ہم ہیں، مختلف علاقوں میں کام ہو رہا ہے، حب کے ریزروائر میں کام ہو رہا ہے، ہمارے یوسی چیئرمین کام کر رہے ہیں، سیاسی ڈائیلاگ ہمیشہ ہوتے رہنا چاہیے۔ قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی کا فورم ہے، اس پر بات کریں، ہمیں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔ ہم سب کا اسٹیک اس ملک اور صوبے کی ترقی میں ہے۔
قومی سیاست پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر پارلیمان میں بات ہونی چاہیے، مل کر کام کریں،
انہوں نے کہا کہ دونوں ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 16 کروڑ 69 لاکھ 67 ہزار روپے لاگت آئی ہے، منصوبے کے تحت 1600 رننگ فٹ طویل 15 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھائی گئی ہے، علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری کے لیے مختلف سائز کی مجموعی طور پر 3400 رننگ فٹ پانی کی لائنیں بھی بچھائی گئی ہیں، جن میں 1500 رننگ فٹ 12 انچ، 700 رننگ فٹ 6 انچ اور 1200 رننگ فٹ 4 انچ قطر کی پانی کی لائنیں شامل ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے میں 10 ہزار 200 رننگ فٹ کرب بلاک لگائے گئے ہیں، منصوبے کے تحت 60 ہزار مربع فٹ رقبے پر 80 ایم ایم موٹائی کے پیور بلاکس لگائے گئے ہیں، مومن آباد روڈ پر ایک لاکھ 40 ہزار مربع فٹ ویئرنگ کورس کا کام مکمل کیا جا چکا ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے فقیر کالونی، مومن آباد، میٹروول اور ملحقہ علاقوں کے انفرااسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔
