پنجاب میں ڈالہ کلچر نہیں ہے، یہ مریم نواز کا دور ہے، مریم نواز کے دور میں سفارش نہیں چلتی، وزیراعلیٰ پنجاب
کسی کی جرات ہے کہ میری بیٹی، میری ماں، میری بہن کو چھیڑ جائے، مجھے پتہ چل جائے کسی مریض کا مفت علاج نہیں ہوا، میں اتنا سخت ایکشن لیتی ہوں کہ آپ کو سن کر خوف آجائے؛ مریم نواز کا تقریب سے خطاب

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ مریم نواز اور اس کی بیٹیوں کا پنجاب ہے جہاں کسی کو ماں، بہن یا بیٹی کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرات نہیں ہوسکتی، روزانہ 16 سے 18 گھنٹے کام کرتی ہوں، اگر یہ علم ہو جائے کہ کسی سرکاری ہسپتال میں کسی مریض کا مفت علاج نہیں ہوا تو اتنا سخت ایکشن لیتی ہوں کہ سن کر خوف آ جائے۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مریم نواز شریف کا دور ہے یہاں پر جس کی لاٹھی اس کی بھینس نہیں، اب پنجاب میں بدمعاشی کا کلچر یا ڈالہ کلچر نہیں چلے گا، اب یہ کلچر ختم ہو چکا ہے کہ اگر کوئی امیر ہو تو تھپڑ مار دے یا مرد ہونے کے ناطے عورت پر ہاتھ اٹھا لے، ابھی مریم نواز اور اس کی بیٹیوں کا پنجاب ہے، کسی کی جرات ہے کہ میری بیٹی، ماں یا بہن کو چھیڑ جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک شوہر فٹ پاتھ پر بیٹھی اپنی بیوی کو انتہائی بری طرح مار رہا تھا اور اس کے بال کھینچ رہا تھا جبکہ کوئی اسے روک نہیں رہا تھا اور اس ویڈیو کے نیچے کسی نے تبصرہ کیا کہ اگر مریم نواز ہوتی تو اب تک اس شخص کا ہاتھ توڑ چکی ہوتی، میں روزانہ 16 سے 18 گھنٹے کام کرتی ہوں، اگر مجھے پتا چل جائے کہ کسی ہسپتال میں کسی مریض کا مفت علاج نہیں ہوا تو میں اتنا سخت ایکشن لیتی ہوں کہ آپ کو سن کر خوف آ جائے۔
ترقیاتی کاموں اور شہری سہولیات کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ میں صوبے کے شہروں کو سجا رہی ہوں کیونکہ صرف ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن اور پوش علاقوں میں رہنے والوں کا ہی یہ حق نہیں کہ وہ گھر سے باہر نکلیں تو انہیں خوبصورت ماحول ملے بلکہ غریب کا بھی حق ہے کہ وہ اپنے چھوٹے سے گھر سے باہر نکلے تو اسے خوبصورت سڑک، بازار، سواری اور بہترین پارک میسر آئیں۔
اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے ثمرات بیان کرتے ہوئے مریم نواز نے ایک خاتون کی کہانی سنائی اور بتایا کہ ایک خاتون کا شوہر مزدوری کرتا تھا ان کے پانچ بچے تھے، ان کے پاس اپنا گھر نہیں تھا وہ پریشان رہتی تھیں کہ بچے کہاں سوئیں گے، جس کے لیے کبھی کسی ہمسائے اور کبھی کسی دوسرے شخص سے اپنی چھت یا صحن میں سونے کی اجازت مانگنی پڑتی تھی، آج اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت اس خاتون کے گھر کی پہلی منزل مکمل ہوچکی ہے اور اب دوسری منزل تعمیر ہو رہی ہے، مزدوروں کو دینے کے لیے پیسے نہ ہونے کے باعث گھر کے تمام افراد مل کر خود اپنا گھر تعمیر کر رہے ہیں۔
طلبہ اور نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ نوجوانوں کی محنت، قابلیت اور روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں، کوئی بھی باصلاحیت طالب علم صرف مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے، میں جانتی ہوں کہ ایک محنت کش والد کے لیے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے بعد بچوں کی تعلیمی فیس ادا کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے اسی لیے ہونہار اسکالرشپ ان خاندانوں کے لیے بہت بڑی سہولت ہے۔
