عمران خان کو جلد از جلد ماہر معالج تک رسائی دی جائے، تاخیر سے سنگین طبی خدشات ہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان

علاج میں مزید تاخیر کی گئی تو سنگین طبی پیچیدگیوں اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، مسلسل ہائی بلڈ پریشر سے گردوں، دل اور آنکھ کے ریٹینا کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے؛ سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج کا خدشہ


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے گزشتہ 30 برس سے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو جلد از جلد کسی ماہر معالج تک رسائی کی اجازت دی جائے، اگر علاج میں مزید تاخیر کی گئی تو انہیں سنگین طبی پیچیدگیوں اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
برطانوی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اگر ان کے کسی مریض کے بلڈ پریشر کی ریڈنگ ایسی سطح پر ہوتی تو وہ اسے آج یا کل ہی کسی اچھے نیفرولوجسٹ یا کارڈیولوجسٹ کو دکھاتے کیونکہ بلڈ پریشر کو چند دنوں کے اندر کنٹرول میں لانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے ہائی بلڈ پریشر کی صورت میں فوری طبی توجہ ناگزیر ہے اور اگر میرے پاس ایسا کوئی مریض ہوتا تو میں اسے ممکنہ حد تک جلد از جلد یعنی آج یا کل ہی کسی اچھے گردوں کے ماہر یعنی نیفرولوجسٹ یا امراضِ قلب کے ماہر یعنی کارڈیولوجسٹ سے معائنہ کرواتا۔


اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ بلڈ پریشر کو دنوں کے اندر کم کرنا ضروری ہے کیونکہ مسلسل ہائی بلڈ پریشر سے ہائپر ٹینشن سے گردوں کے افعال اور خود دل پر اثر انداز ہونے کا خطرہ پیدا کرتا ہے، جس کے باعث دل کو زیادہ دباؤ کے خلاف محنت کرنا پڑتی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ ہائی بلڈ پریشر سے آنکھ کا پردہ ریٹینا بھی متاثر ہو سکتا ہے اور یہ وہ عام اعضاء کو پہنچنے والے نقصانات ہیں جن کے حوالے سے معالجین کو تشویش ہوتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ طویل عرصے تک برقرار رہنے والا ہائی بلڈ پریشر سنگین نتائج کا باعث بنتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جب دل کو زیادہ بلڈ پریشر کے خلاف زور لگانا پڑتا ہے تو اس سے دل کے پٹھوں کی ہائپر ٹرافی یعنی بڑھنے یا موٹے ہونے کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے، اس لیے بلڈ پریشر کی ریڈنگ کو بروقت درست اور کنٹرول کرنا انتہائی اہم ہے تاکہ ان اہم اعضاء کو کسی سنگین نقصان سے بچایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert