پنجاب میں ڈومیسائل بنوانے کا پرانا طریقہ ختم کرنے کا فیصلہ، نیا نظام متعارف

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حصول کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے نیا آن لائن ڈومیسائل سسٹم متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔ نئے انتظامات کے تحت اب شہری تین مختلف ذرائع سے ڈومیسائل کے لیے درخواست دے سکیں گے، جبکہ مرحلہ وار نفاذ کے بعد پرانا طریقہ کار ختم کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے جدید آن لائن سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد درخواست دینے کے عمل کو آسان اور شہریوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بنانا ہے۔ اس نظام کے تحت درخواست گزاروں کو سرکاری دفاتر کے روایتی طریقہ کار پر انحصار کرنے کے بجائے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرانے کی سہولت میسر ہوگی۔
نئے نظام کے پہلے طریقے کے مطابق شہری حکومت کے مقرر کردہ ای خدمت مراکز پر جا کر ڈومیسائل کے حصول کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ ان مراکز پر درخواست جمع کرانے کے ساتھ مقررہ پروسیسنگ فیس بھی ادا کی جا سکے گی۔
دوسرے طریقے کے طور پر شہری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدام کے تحت متعارف کرائے گئے خصوصی آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے براہِ راست درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس سہولت سے ایسے افراد فائدہ اٹھا سکیں گے جو آن لائن طریقے سے اپنی درخواست مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
اسی طرح تیسرے آپشن کے طور پر ’’مریم کی دستک‘‘ سروس کے ذریعے بھی ڈومیسائل درخواستیں جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس طرح شہری اپنی سہولت اور ضرورت کے مطابق دستیاب طریقوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق آن لائن ڈومیسائل سسٹم کا مکمل نفاذ مرحلہ وار کیا جائے گا، جس کے بعد ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجرا صرف آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ہوگا۔ اس تبدیلی کا بنیادی مقصد شہریوں کے لیے دستاویزات کے حصول کو آسان بنانا، درخواستوں کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور سرکاری خدمات تک رسائی بہتر بنانا ہے۔
