مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینی ہوں گی، لاہور ہائیکورٹ

جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہوگا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا، مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی پر لاہور ہائی کورٹ کے ریمارکس، جسٹس علی ضیا باجوہ نے کل سی سی پی او لاہور کو طلب کرلیا


لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا، اگر انہیں نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینی ہوں گی، عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر بدھ کو لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جہاں سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے۔
ریمارکس میں عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات دینی ہوں گی، ان ریمارکس کے ساتھ ہی لاہور ہائی کورٹ نے اس معاملے پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا اور مزید کارروائی کل تک کے لیے ملتوی کردی۔
یہ عدالتی پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لاہور میں پار ویو سوسائٹی میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس نفری تعینات کردی گئی اور ان کی نقل و حرکت کو محدود کیا گیا، مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے، ان کی مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے جے یو آئی کے کارکن اور وکیل ابرار حسین نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں آئی جی پولیس پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار وکیل کا مؤقف تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، قانونی حکم نامے کی نقل طلب کرنے کے باوجود فراہم نہیں کی گئی، انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور مولانا فضل الرحمان کو عملاً گھر تک محدود کر دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert