محسن بیگ کی ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ضمانت منظور
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ اسلام آباد نے محسن بیگ کی ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔جوڈیشل مجسٹریٹ وقارحسین گوندل نے ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ اسلام آباد میں محسن بیگ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔
وکیل صفائی نے عدالت میں بتایا کہ محسن بیگ کے خلاف تھانہ مارگلہ نے ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ مقدمے میں لگی دفعہ قابل ضمانت جرم ہے، عدالت سے وکیل نے استدعا کی کہ محسن بیگ کی ضمانت منظورکی جائے۔
اس پر عدالت نے30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض محسن بیگ کی درخواست ضمانت منظور کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں محسن بیگ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا تھا، اس موقع پر ہونے والی فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی بھی ہو گیا تھا۔محسن بیگ کی گرفتاری وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر پر عمل میں آئی تھی۔