منفی خبریں پھیلانے والوں کیلئے صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے، مہوش حیات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہےکہ سوشل میڈیا پر منفی خبریں پھیلانے والوں کیلئے صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ورسٹائل ٹی وی اور فلم کی ایکٹریس مہوش حیات نے کہاکہ یہ سچ ہے کہ فنکار پبلک پراپرٹی ہوتا ہے لیکن فنکار کی نجی زندگی بھی ہوتی ہے، ان کا بھی ایک خاندان ہوتا ہے، عزیز و اقارب اور دوست ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنی تسکین کیلئے دوسروں کو دکھ دیتے ہیں انہیں ایک نہ ایک دن حساب دینا پڑتا ہے۔
مہوش حیات نے کہاکہ نہ جانے کیوں لوگ سوشل میڈیا کو دوسروں کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی تسکین کیلئے دوسروں کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کرے، مثبت تنقید اور منفی رائے میں بڑا فرق ہوتا ہے اور لوگ اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔