یوکرین جنگ، پیوٹن کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ
سعودی عرب(قدرت روزنامہ)روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس کے دوران دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور یوکرین کے مسئلے پر بات چیت ہوئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد نے یوکرین کے مسئلے کے حل کے لیے پیوٹن پر مذاکرات کے لیے زور دیا۔سعودی میڈیا نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے روس یوکرین تنازع پر ثالثی کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
گفتگو کے دوران یوکرین کے بحران کے توانائی کی منڈیوں پر اثرات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر پیوٹن سے کہا کہ سعودی عرب یوکرین اور روس کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان ثالثی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے۔
روسی صدر پیوٹن سے گفتگو میں سعودی ولی عہد نے تیل کی مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔سعودی ولی عہد نے تیل کی مارکیٹ میں توازن کے لیے اوپیک پلس کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اوپیک پلس معاہدے کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔