میں نے ڈیزل نہیں کہا، عوام ڈیزل کہہ رہے ہیں، وزیراعظم
لوئر دیر(قدرت روزنامہ)وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں نے ڈیزل نہیں کہا، عوام ڈیزل کہہ رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاندار استقبال پر دیر کے لوگوں کا مشکورہوں، پاکستان فلسفےکی بنیاد پرقائم ہوا، پاکستان کا فلسفہ سمجھنے کا بھی ایک مقصد ہے، پاکستان کے فلسفے کے مطابق اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکنا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے مولانا فضل الرحمان کوڈیزل نہیں کہا، عوام کہہ رہے ہیں، اللہ نے حکم دیا کہ رسول ﷺ کی سنت پر عمل کریں، 25 سال پہلے یہ سوچ کر جدوجہد شروع کی کہ اپنے لوگوں کا کسی کے سامنے سر جھکنے نہیں دوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ تین لوگوں کی وجہ سے پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت نہیں، تین لوگوں نے ملک کو مقروض بنایا، نوازشریف اور زرداری نے اقتدار میں ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی، نوازشریف اور زرداری نے اپنے اثاثوں کی وجہ سے مذمت نہیں کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈرون حملوں کی مذمت تحریک انصاف کررہی تھی، نوازشریف نے اپنے دور اقتدار میں مودی کے خلاف ایک بات بھی نہیں کی، تین لوگوں نے ملک کو کمزور کیا ،یہ دنیا کے سامنے جھکے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جے یو آئی رضا کاروں نے جو کیا اس کی مذمت کرتا ہوں، میں بطور ملک کا سربراہ باپ کی طرح ہوں ،قوم کی تربیت میری ذمہ داری ہے، ڈیزل نے ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ اقتدار میں آکر ہم اداروں کو ٹھیک کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈیزل سے کہتاہوں آج اگر یہ ملک بچا ہوا اس کی وجہ افواج پاکستان ہے، جس ملک کے پاس دفاعی طاقت نہیں ہوتی وہ تباہ ہوجاتے ہیں، ڈیزل بتائیں آپ ملک میں اداروں کو کیسے ٹھیک کریں گے؟وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یہ بھی کہتے ہیں نوازشریف کو بھگوڑا مت کہیں، نوازشریف نے کھٹمنڈو میں مودی سے خفیہ ملاقات کی، کیا ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری اداروں کو ٹھیک کریں گے؟